مقبوضہ کشمیر، ہزاروں افراد کی شہید نوجوانوںکی نماز جنازہ میں شرکت ،سید علی گیلانی کا شہید ہونے والے نوجوانوںکو شاندار خراج عقیدت

اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے ایک اہم اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیاگیا

پیر 16 مارچ 2020 23:49

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2020ء) مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں لوگوں نے پابندیوںکو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ضلع کولگام کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے چارنوجوانوںکی نماز جنازہ میں میں شرکت کی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے مظفر احمد ، عمر امین ، سجاد احمد اور گلزار احمد کو گزشتہ روز ضلع اسلام آباد کے علاقے وتری گام میں تلاشی اور محاصرے اور تلاشی کی پر تشددکارروائیوںکے دوران شہید کردیا تھا۔

لوگوںنے آزادی ، سیدعلی گیلانی اور پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شفاف نعرے لگائے۔ چار وں نوجوانوںکو ضلع کولگام میں ان کے آبائی علاقوں ٹنگ پورہ ، فرصل اور تاری گام میں آہو ں اور سسکیوں میں سپرد خاک کیاگیا۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے حال ہی میں اسلام آباد اور بارہمولہ اضلاع میں شہید ہونے والے نوجوانوںکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ قابض بھارتی فو ج کو مقبوضہ علاقے میں نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید اور بلاجواز گرفتارکرنے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے جنازوں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی شرکت سے واضح ہوتا ہے کہ کشمیری عوام ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے نوجوانوں کے ساتھ انتہائی عقیدت رکھتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔

جموںوکشمیر پیپلز لیگ اور جموںوکشمیر یوتھ سوشل فورم وفود شہید نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیلئے کولگام میں انکے گھر گئے ۔ وفود میں احمد شیخ ، مولوی احمد راتھر، زبیر احمد میر، محمد یاسر اور عامر احمد بٹ شامل تھے ۔جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ، جموںوکشمیر اسلامی تنظیم آزادی اور تحریک وحدت اسلامی سمیت حریت تنظیموںنے اپنے الگ الگ بیانات میں شہید نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔

بیانات میں کہاگیاہے کہ بھارتی قابض فورسز نے وادی کشمیر کو جہنم بنادیا ہے۔حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماء غلام محمد صفی نے ایک بیان میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ نڈر کشمیریوںنے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کر کے بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء میر شاہد سلیم نے جموں میں نچلی ذاتوںاور دلت تنظیموں کے ایک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت میں مودی کی فسطائی حکومت جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے غیر قانونی اقدام کے بعد اقلیتوں سے شہریت کاحق چھیننے کے درپے ہے۔

انہوںنے بھارت میں اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ جموںوکشمیر کے عوام کی اپنے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کریں ۔ کنونشن میں لوگوںکی بڑی تعداد نے شرکت کی اور نچلی ذاتوں اور طبقوں کے متعدد نمائندوںنے خطاب کیا۔اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے ایک اہم اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیاگیا ۔ اجلاس کی صدارت حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری محمد حسین خطیب نے کی ۔