ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ پہلے مریض کے انتقال کی تصدیق کر دی گئی

خیبرپختونخواہ کے شہر مردان سے تعلق رکھنے والا 50 سالہ سعادت خان کچھ روز قبل ہی سعودی عرب سے واپس آیا تھا

muhammad ali محمد علی بدھ 18 مارچ 2020 22:12

ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ پہلے مریض کے انتقال کی تصدیق کر دی گئی
مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مارچ2020ء) ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ پہلے مریض کے انتقال کی تصدیق کر دی گئی، خیبرپختونخواہ کے شہر مردان سے تعلق رکھنے والا 50 سالہ سعادت خان کچھ روز قبل ہی سعودی عرب سے واپس آیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر صحت خیبرپختونخواہ تیمور سلیم جھگڑا نے ملک میں کرونا وائرس کے پہلے مریض کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے بتایا ہے کہ جاں بحق ہو جانے والے شخص کا تعلق مردان سے تھا۔ 50 سالہ سعادت خان کچھ روز قبل ہی سعودی عرب سے واپس آیا تھا، جبکہ حال ہی میں اس کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ سعادت خان کا علاج کیا جا رہا تھا تاہم اب وہ انتقال کر گیا ہے۔ دوسری جانب ملک بھر سے رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس مریضوں کی تعداد 297 تک جا پہنچی ہے۔

(جاری ہے)

سندھ میں رپورٹ ہونے والے تمام کرونا وائرس مریضوں کو قرنطینہ میں شفٹ کر دیا گیا ہے اور ان کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ سندھ کے 208 کیسز کے علاوہ پنجاب میں کرونا وائرس کے 33 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، گلگت بلتستان میں 13، آزاد کشمیر میں 1 ، اسلام آباد میں 7، خیبرپختونخواہ میں 19 اور بلوچستان میں 16 کیسز رپورٹ ہو چکے۔ جبکہ پاکستان میں کرونا وائرس کے پہلے مریض کی موت واقع ہونے کی بھی تصدیق کر دی گئی ہے۔

اس تمام صورتحال میں سندھ حکومت نے صوبے کو محدود حد تک لاک ڈاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبے میں شاپنگ مالز، ہوٹلز، سیاحتی مقامات، دفاتر اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ سروس بند کروانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جبکہ وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک کو لاک ڈاون نہیں کیا جائے گا۔ تاہم ملک کے تعلیمی ادارے بند کیے جا چکے اور صوبہ پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کی جا چکی۔