ایلکس ہیلز کے کورونا سے متعلق واٹس ایپ پیغام نے کھلبلی مچائی: میڈیا رپورٹس

برطانوی بلے باز نے خدشے کا اظہارکیا تھا کہ ان میں کورونا وائرس کی علامات پائی جارہی ہیں لیکن ابھی اپنا ٹیسٹ نہیں کرایا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 19 مارچ 2020 11:46

ایلکس ہیلز کے کورونا سے متعلق واٹس ایپ پیغام نے کھلبلی مچائی: میڈیا ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19مارچ2020ء ) منگل کی صبح کراچی کنگز کے واٹس اپ گروپ میں ایلکس ہیلز کی جانب ایک پیغام نے کھلبلی مچا دی جس میں انہوں نے خدشے کا اظہارکیا کہ مجھ میں کورونا وائرس کی علامات پائی جارہی ہیں لیکن ابھی اپنا ٹیسٹ نہیں کرایا۔ اس وقت پاکستان میں صبح کے تین بج رہے تھے۔ 17 مارچ کی صبح لاہور میں کھلاڑیوں کے پیغام پڑھتے ہی افرا تفری مچ گئی۔

قومی اخبار کے حددرجہ ذمے دار ذرائع کے مطابق صبح آٹھ بجے پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کو بھی جگا کر غیر معمولی صورتحال سے آگاہ کیا گیا کیوں کہ ایلکس ہیلز کے پیغام سے یہ مطلب لیا جارہا تھا کہ ان کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ برطانوی کرکٹر کے اس میسج پر پی سی بی حکام کی دوڑیں لگ گئیں۔ انہوں نے فوری ٹیموں کے مالکان سے کانفرنس کال پر میٹنگ میں ٹورنامنٹ کو فوری طور پر ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔لاہور میں پی سی بی اور فرنچائزز مالکان کا اجلاس ہوا۔ پی سی بی نے فرنچائزز مالکان سے مشاورت کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا حتمی فیصلہ کیا۔پی سی بی نے براڈ کاسٹنگ ٹیم کو فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک فرنچائز غیر ملکی کھلاڑیوں کی وطن واپسی کی وجہ سے مزید نہیں کھیلنا چاہتی تھی۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی ایس ایل 2020ء کو ملتوی کردیا گیا ہے اور بقیہ میچز کو نئی تاریخوں میں کرایا جائیگا۔ پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنلز اور فائنل لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونے تھے۔ پہلا سیمی فائنل ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان جبکہ دوسرا سیمی فائنل لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان تھا۔

تاہم اب حتمی طور پر ایونٹ کو ختم کرنیکا اعلان کردیا گیا ہے۔ ماہرین اور تجزیہ کاروں نے بورڈ کے اس فیصلے کو درست قدم قرار دیا۔پی ایس ایل 5 کے اب تک کے مقابلوں میں پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز سرفہرست، کراچی کنگز دوسرے، لاہور قلندرز تیسرے اور پشاور زلمی چوتھے نمبر پر موجود رہی۔واضح رہے کہ پوری دنیا اس وقت ایک جان لیوا خطرناک کورونا وائرس کووڈ-19 کی لپیٹ میں ہے۔ پاکستان میں کورونا مریضوں کی تعداد 245 ہوگئی ہے جبکہ دنیا میں اس خطرناک وائرس سے 6 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔