پاکستان میں کورونا وائرس سے چوتھا مریض انتقال کرگیا

مشیراطلاعات خیبرپختونخواہ نے ہلاکت کی تصدیق کردی، ملک بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہوگئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 22 مارچ 2020 20:55

پاکستان میں کورونا وائرس سے چوتھا مریض انتقال کرگیا
پشاور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 مارچ 2020ء) پاکستان میں کورونا وائرس سے چوتھا مریض انتقال کرگیا، مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ اجمل وزیر نے ہلاکت کی تصدیق کردی ہے، ملک بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کورونا وائرس سے انتقال کرجانے والے مریض کی تصدیق کردی ہے۔

جس کے بعد کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تعداد 4 ہوگئی ہے، ان میں تین کا تعلق خیبرپختونخواہ اور ایک سندھ سے ہے۔ اسی طرح ملک میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 714 تک ہوگئی ہے۔ ہفتے کی رات 12بجے تک کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 630 تھی لیکن اب سندھ پنجاب اور گلگت میں مریضوں کی تعداد بڑھنے سے 714 تک ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سندھ میں نئے مریض41، پنجاب میں 27 اور گلگت بلتستان میں 16 کی تصدیق ہوئی ہے۔

جس کے بعد سندھ میں کورونا مریضوں کی کل تعداد333، پنجاب163، بلوچستان 104، خیبرپختونخواہ31، گلگت بلتستان71، اسلام 11، کشمیر میں ایک مریض کورونا سے متاثرہ ہے۔ اسی طرح کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کلوروکوئن سے متعلق سوشل میڈیا پر خبریں گردش کررہی ہیں کہ مارکیٹ سے یہ دوا غائب ہوگئی ہے، لیکن گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

کورونا کے علاج کیلئے ملیریا کی دوائی کلوروکوئن کی ایکسپورٹ پر پابندی عائد کردی ہے۔ پاکستان میں کلوروکوئن کی تیار دوائی اور خام سٹاک سب موجود ہے۔ لیکن اس کے شواہد نہیں ملے کہ کلوروکوئن سے مریض ضروری ٹھیک ہوگا۔ وائرس کےعلاج کیلئے کلوروکوئن کے استعمال پر ماہرین کی رائے لے رہے ہیں۔ کہ کورونا کے علاج کیلئے کلوروکوئن کو کب کیسے اور کتنی مقدار میں اور کس کے مشورے سے استعمال کرنا ہے، یہ سب دیکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ شواہد نہیں کہ کلوروکوئین کھانے سے کورونا سے محفوظ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ویب سائٹ پر ڈیٹا گھنٹے کے حساب سے اپ ڈیٹ کیا جائےگا۔ پاکستان میں اس وقت مشتبہ مریضوں کی تعداد 5650 ہے، جبکہ تصدیق شدہ کیسز 646 ہیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس سے بیمار افراد کی تعداد 152، سندھ 292، بلوچستان میں 104 ہے۔ خیبرپختونخوا میں 31، گلگت بلتستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 55 ہے۔ آزاد جموں کشمیر میں 1 اور اسلام آباد میں کورونا کے11 مریض ہیں۔ تین لوگ اس بیماری سے انتقال کرگئے ہیں، انہوں نے کہا کہ5 ہزار ڈاکٹرز کو کورونا وائرس کے علاج کی تربیت دی جائے گی۔ پھر اس سے مزید ڈاکٹرز کو تربیت کا سلسلہ جاری رہے گا۔