پی آئی اے میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا

فضائی میزبان نے اوسلو سے اسلام آبادپرواز پی کے772 پر 3 روز پہلے سفر کیا، اسلام آباد ٹو جدہ کی پرواز میں بھی فرائض انجام دیے تھے، پی آئی اے نے فضائی میزبان کے 22 ساتھیوں کے بھی ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کرلیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 22 مارچ 2020 22:44

پی آئی اے میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مارچ 2020ء) پی آئی اے میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا،فضائی میزبان نے اوسلو سے اسلام آباد پرواز  پی کے772 پرتین روز پہلے سفر کیا ، اسلام آباد ٹو جدہ کی پرواز میں بھی فرائض انجام دیے تھے، پی آئی اے نے فضائی میزبان کے 22 ساتھیوں کے بھی ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ایئرلائن کی فضائی میزبان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

فضائی میزبان کورونا وائرس سے متاثر تھیں لیکن اس کے باوجود اپنی ڈیوٹی بھی سرانجام دیتی رہیں۔ بتایا گیا ہے کہ فضائی میزبان نے اوسلو سے اسلام آبادپرواز پی کے772پرتین روز پہلے سفر کیا تھا۔فضائی میزبان نے اسلام آباد ٹو جدہ کی پرواز میں بھی فرائض انجام دیے تھے۔فضائی میزبان کو نمونے مثبت آنے پربے نظیر ہسپتال سے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پی آئی اے نے فضائی میزبان کے 22 ساتھیوں بشمول کپتان کو سیلف آئسولیٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ان 22 افراد کے تین دنوں میں نمونے حاصل کرکے کورونا ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔ اسی طرح پاکستان میں پہلا صحافی کورونا وائرس کا شکار ہوگیا، پاکستان میں سٹی میڈیا گروپ کے مالک محسن نقوی نے اپنی آرگنائزیشن میں کورونا وائرس کے پہلے مثبت کیس کی تصدیق کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینل کے رپورٹر کا مثبت ٹیسٹ آنے کے بعد دیگر اسٹاف ارکان کے بھی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ محسن نقوی نے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ادارے میں تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس سے چوتھا مریض انتقال کرگیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کورونا وائرس سے انتقال کرجانے والے مریض کی تصدیق کردی ہے۔

جس کے بعد کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تعداد 4 ہوگئی ہے، ان میں تین کا تعلق خیبرپختونخواہ اور ایک سندھ سے ہے۔ اسی طرح ملک میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 714 تک ہوگئی ہے۔ ہفتے کی رات 12بجے تک کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 630 تھی لیکن اب سندھ پنجاب اور گلگت میں مریضوں کی تعداد بڑھنے سے 714 تک ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سندھ میں نئے مریض41، پنجاب میں 27 اور گلگت بلتستان میں 16 کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد سندھ میں کورونا مریضوں کی کل تعداد333، پنجاب163، بلوچستان 104، خیبرپختونخواہ31، گلگت بلتستان71، اسلام 11، کشمیر میں ایک مریض کورونا سے متاثرہ ہے۔