حکومت کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کرے، شرح سود میں3 سے 4 فیصد کمی کرکی80 ارب روپے کے وسائل فراہم کئے جا سکتے ہیں،

تیل کی قیمتوں میں 70 روپے فی لیٹر کمی کی جائے اس سے افراط زر میں کمی آئے گی، ان حالات میں پوری قوم کو ہر قسم کی فروعی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر سوچنا چاہئے، مسلم لیگ)ن(کی طرف سے 10 ہزار حفاظتی کِٹس ڈاکٹروں کو جلد فراہم کر دی جائیں گی،عام آدمی کے کورونا ٹیسٹ مفت کیے جائیں قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف

منگل 24 مارچ 2020 15:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے جامع پالیسی کی تشکیل کے لئے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کرے، شرح سود میں3 سے 4 فیصد کمی کرکی80 ارب روپے کے وسائل فراہم کئے جا سکتے ہیں جن سے کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ڈاکٹروں اور نرسوں کو حفاظتی کِٹس اورآلات کی خریداری کو یقینی بنایا جاسکتا ہے، پوری قوم کو مل کر ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہوکر اس چیلنج کا بھرپور مقابلہ کرنا ہوگا، تیل کی قیمتوں میں 70 روپے فی لیٹر کمی کی جائے اس سے افراط زر میں کمی آئے گی۔

ان حالات میں پوری قوم کو ہر قسم کی فروعی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر سوچنا چاہئے۔

(جاری ہے)

مشکل کی اس گھڑی میں ہم حکومت کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلیں گے۔ منگل کو یہاں ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ الله دنیا کو اس آفت سے جلد سے جلد نجات دے اور جو پاکستانی اس آفت کی وجہ سے الله کو پیارے ہوگئے ہیں، ان کے لواحقین کو صبر دے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک پاکستان میں 890 پاکستانی کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں، مجھے امید ہے کہ حکومت وقت اس سلسلے میں بھرپور اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کورونا وائرس کی وجہ سے مجھے فوری طور پر پاکستان آنے کی ہدایت کی ہے ، مجھے امید ہے کہ اس مصیبت سے جلد نکل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال اور قومی سلامتی کے تقاضوں میں سیاست کو لانا بڑا گناہ ہوگا، سیاسی اکابرین اور ملک کے تمام طبقات نے لاک ڈائون کا مطالبہ کیا حکومت نے لاک ڈائون اور فوج کی امداد طلب کرکے درست فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں مختلف وجوہات کی بنا پر تقسیم ہے، اس چیلنج کو موقع میں تبدیل کرکے ایک قوم بننا چاہئے، ہمیں ذاتی انا سے بالاتر ہوکر اس کا بھرپور مقابلہ کرنا ہوگا تمام تر نامساعد حالات کے باوجود ہم اس چیلنج کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی آمیزش کے بغیر ہمیں صاف بات کرنا ہوگی حکومت کی اچھی باتوں کی تعریف اور کمزوریوں کو مثبت انداز میں اجاگر کرنا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس مرض کی کوئی دوا یا ویکسین نہیں ہے، احتیاط کرکے ہی ہم اس پر قابو پا سکتے ہیں، پوری قوم ڈاکٹروں اور حکومتی ہدایات پر عمل کرے حکومت فی الفور مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کرکے تمام وزرائے اعلیٰ کے ساتھ شراکت داری کا عمل کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 2016 میں جس طرح افسوسناک واقعہ کا مقابلہ کیا اور یک جہتی کا اظہار کیا اسی طرح ہمیں اس وقت بھی آگے بڑھنا ہوگا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ زیادہ سے زیادہ وینٹی لیٹرز ہوائی جہازوں کے ذریعے منگوائے جائیں ڈاکٹروں اور نرسوں کے لئے حفاظتی کٹس فوری منگوانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مسلم لیگ نون کی طرف سے 10 ہزار حفاظتی کٹس ڈاکٹروں کو جلد فراہم کر دی جائیں گی۔ عام آدمی کے کورونا ٹیسٹ مفت کیے جائیں کیونکہ صاحب حیثیت لوگ تو یہ علاج معالجہ اپنے خرچے پر کرا سکتے ہیں مگر غریب آدمی نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ مفت سکریننگ اور ضروری ساز و سامان اور آلات کی خریداری کے لئے شرح سود میں3 سے 4 فیصد کمی کی جائے اس سے حکومت کو 80 ارب روپے کی بچت ہو سکتی ہے، اس کو ہم آلات اور ادویات کی خریداری کے لیے بروئے کار لا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس مشکل وقت میں فروعی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر سوچیں ہم حکومت کے ساتھ اس صورتحال میں قدم سے قدم ملا کر چلیں گے۔