پولیس، رینجرز اور مسلح افواج کے جوانوں، سماجی، سیاسی اور مذہبی رہنمائوں کو کورونا کیخلاف مہم کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہئے، صدر عارف علوی

عدلیہ کے معمولی جرائم والے قیدیوں کو رہا کرنے کے اقدام کو سراہتا ہوں، اس جنگ میں ڈاکٹر بھی ہمارے ہیرو ہیں، بہادری سے اپنا کام کریں مگر احتیاط کریں، بیان

بدھ 25 مارچ 2020 23:15

پولیس، رینجرز اور مسلح افواج کے جوانوں، سماجی، سیاسی اور مذہبی رہنمائوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پولیس، رینجرز اور مسلح افواج کے جوانوں، سماجی، سیاسی اور مذہبی رہنمائوں کو کورونا کے خلاف مہم کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہئے۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ جیسے کہ سارا پاکستان سماجی فاصلے اپنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

میں پولیس، رینجرز اور مسلح افواج کے جوانوں کو بھی اپنے گروہوں اور گلیوں میں حرکت کے دوران مزید احتیاط برتنے کی درخواست کرتا ہوں، یہ نصیحت سماجی، سیاسی یا مذہبی رہنمائوں کیلئے بھی ہے جو کسی کورونا مہم کا حصہ بن رہے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ میری انتظامیہ سے درخواست ہے کہ لوگوں کو معمولی خلاف ورزیوں پر گرفتار نہ کریں اور نہ ہی انہیں سڑکوں پر اکٹھا کیا جائے، درحقیقت میں عدلیہ کے معمولی جرائم والے قیدیوں کو رہا کرنے کے اقدام کو سراہتا ہوں، اس جنگ میں ڈاکٹر بھی ہمارے ہیرو ہیں، بہادری سے اپنا کام کریں مگر احتیاط کریں۔