سعودی عرب میں جعلی موبائل سم کا دھندہ کرنے والے گرفتار

جمعہ 24 اپریل 2020 11:54

سعودی عرب میں جعلی موبائل سم کا دھندہ کرنے والے گرفتار
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2020ء) سعودی دارالحکومت کی پولیس نے جعلی اقامہ کارڈز اور موبائل سمز کا دھندا کرنے والے ایک ایشیائی گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے۔سعودی اخبار کے مطابق ریاض پولیس نے وزارت داخلہ کے سنیپ چیٹ اکاؤنٹ پراس حوالے سے ایک وڈیو کلپ جاری کیا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس ریاض کے معروف محلے الوزارات کے ایک فلیٹ پر چھاپہ مار رہی ہے۔

بنگلہ دیشی کارکنان اپنی رہائش کو جعلی سم اور اقامہ کارڈ تیار کرنے کے اڈے میں تبدیل کیے ہوئے تھے۔ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے نام سے موبائل سم تیار کرکے بلیک مارکیٹ میں فروخت کررہے تھے۔ ریاض پولیس نے بتایا کہ کارروائی کے دوران مقامی موبائل کمپنیوں کی 577 موبائل سم برآمد ہوئیں جبکہ متعدد سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے شناختی کارڈز اور اقاموں کی فوٹو کاپیاں اور فنگر پرنٹس کے نمونے بھی ان کے قبضے میں پائے گئے، دو لیپ ٹاپ، تین پرنٹرز، چار فنگر پرنٹ کی ریڈنگ کرنے والی مشینیں اور جعلی اقامہ کی تیاری میں کام آنے والا ایک پرنٹر برآمد ہواہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں اقامہ سائز کے 160 کارڈ بھی ضبط کرتے ہوئے حراست میں لئے گئے بنگلہ دیشیوں کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔