پنجاب حکومت نے مارکیٹیں اور بازار کھولنے کا فیصلہ کرلیا

بازاروں کو مرحلہ وار کھولا جائے گا، ایس او پیز تیار کر لیے گئے ہیں، صنعتکار و تاجر برادری کو عمل کرنا ہوگا: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 3 مئی 2020 15:19

پنجاب حکومت نے مارکیٹیں اور بازار کھولنے کا فیصلہ کرلیا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین- 03 مئی۔2020ء) پنجاب حکومت نے مارکیٹیں اور بازار کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بازاروں کو مرحلہ وار کھولا جائے گا، ایس او پیز تیار کر لیے گئے ہیں، صنعتکار و تاجر برادری کو عمل کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اپٹما کے سربراہ کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجروں نے ملاقات کی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے کہ حکومت صنعتکاروں اور تاجروں کے لیے مزید آسانیاں پیدا کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ کاروبار چلنے سے ہی عام آدمی کو روزگار ملے گا، کرونا کے باعث سب سے زیادہ مشکلات کا شکار عام آدمی ہے، ہمارا مقصد عام آدمی کی مشکلات کا ازالہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار کاروبار کی اجازت کے لیے ایس او پیز تیار کر لیے گئے، صنعتکار و تاجر برادری کو وضع کردہ ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔ اس سے قبل پنجاب حکومت نے بازار کھولنے کیلئے سفارشات وفاقی حکومت کو پیش کردی ہیں۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مارکیٹوں اور بازاروں کومرحلہ وار کھولا جائے گا، مارکیٹیں اور بازار مخصوص دن اور مخصوص اوقات میں کھولی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے سربراہ گوہر اعجاز کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجربرادری کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی جس میں درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے باعث سب سے زیادہ مشکلات کا شکار عام آدمی ہے اور کاروبار چلنے سے ہی عام آدمی کو روز گار ملے گا۔