حکومت نے بہتر طریقے سے کورونا وائرس صورتحال کو ہینڈل کیا جس کی وجہ سے پاکستان میں صورتحال کنٹرول میں ہے،

معاشی بحران کورونا سے زیادہ خطرناک ثابت ہو گا اسلئے ضروری ہے کہ عوام کی صحت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ فوری طور پر معاشی سرگرمیوں کو بحال کیا جائے، وزیراعظم عمران خان اجازت دیں تو 10 مئی سے 40 ٹرینیں چلا دیں گے تاکہ لوگوں کو عید کے موقع پر اپنے گھروں میں واپس آنے کیلئے بہترین سفری سہولیات میسر ہو سکیں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

بدھ 6 مئی 2020 23:28

حکومت نے بہتر طریقے سے کورونا وائرس صورتحال کو ہینڈل کیا جس کی وجہ سے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2020ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت نے بہتر طریقے سے کورونا وائرس صورتحال کو ہینڈل کیا جس کی وجہ سے پاکستان میں صورتحال کنٹرول میں ہے، معاشی بحران کورونا سے زیادہ خطرناک ثابت ہو گا اسلئے ضروری ہے کہ عوام کی صحت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ فوری طور پر معاشی سرگرمیوں کو بحال کیا جائے تاکہ لوگ بھوک سے نہ مریں، وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر آئی ایم ایف نے غریب ممالک کو قرضوں میں ریلیف دیا۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے سخت لاک ڈائون کے فیصلے سے منفی اثرات سامنے آئے، سب سے زیادہ کورونا کیسز اور اموات سندھ میں ہوئیں، اب سندھ حکومت وفاق کو فالو کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اجازت دیں تو 10 مئی سے 40 ٹرینیں چلا دیں گے تاکہ لوگوں کو عید کے موقع پر اپنے گھروں میں واپس آنے کیلئے بہترین سفری سہولیات میسر ہو سکیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت نے کورونا کی صورتحال کے دوران مہلک وباء سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ ملک کے پسے ہوئے لوگوں کو سہولیات دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے، احساس کیش ایمرجنسی پروگرام کے ذریعے 1 کروڑ 20 لاکھ مستحق خاندانوں کو امدادی رقم دی جا رہی ہے، اس کے علاوہ غریب لوگوں میں راشن بھی تقسیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم میں تبدیلی آسان نہیں ہے لیکن امید ہے کہ وقت آنے پر تمام جماعتیں ترمیم میں تبدیلی کی حمایت کریں گی، پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کے حق میں بھی ووٹ دیا تھا۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ چینی اور آٹے بحران کی فرانزک آڈٹ رپورٹ آنے کے بعد ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہو گی، وزیر اعظم عمران خان بدعنوانی میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا اصل کاروبار سیاست ہے، انہوں نے بھاری قرضے لیکر انڈسٹریاں بنائیں اور خوب مال بنایا۔ انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ ملک سے جلد ہی مہلک وباء کا خاتمہ ہو تاکہ معمولات زندگی بحال ہو۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ مودی اسلام دشمن وہ قوت ہے جو پاکستان کو اپنے راستے کی رکاوٹ سمجھتا ہے اسلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی مزید بڑھے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کو وزیر اعظم کی مکمل حمایت حاصل ہے اسلئے وہ وزیراعلی پنجاب برقرار رہیں گے۔