ایم کیو ایم کی ثالثی نے کام دکھا دیا، سندھ حکومت اور تاجر ایک پیج پر آگئے

ہفتہ اور اتوار کو صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن ہوگا: کنور جمیل، خواجہ اظہار الحسن اور وسیم اختر کی ثالثی میں سندھ حکومت اور تاجروں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 9 مئی 2020 00:38

ایم کیو ایم کی ثالثی نے کام دکھا دیا، سندھ حکومت اور تاجر ایک پیج پر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 مئی2020ء) ایم کیو ایم کی ثالثی نے کام دکھا دیا، سندھ حکومت اور تاجر ایک پیج پر آگئے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو سندھ میں مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔ اس سے قبل سندھ کے تاجروں نے بازار، دکانیں اور شاپنگ مال کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لئے تاجروں کے وفد نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ساتھ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس بات کا فیصلہ جمعہ کو ایم کیو ایم کے وفد کی وزیر اعلی سے ہونے والی ملاقات میں کیا گیا تھا،ایم کیو ایم پاکستان کے وفد میں کنور نوید جمیل، وسیم اختر اور خواجہ اظہار الحسن شامل تھے ملاقات میں وزیر اعلی سندھ کے علاوہ وزیراطلاعات ناصر حسین شاہ ، وزیرتعلیم سعید غنی ،ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب اورصوبائی وزیر سہیل انورسیال شریک تھے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے وفد نے زور دیا کہ تاجروں سے فوری ملاقات کر کے انکے مسائل حل کئے جائیں، کاروبار کھولنے کے حوالے سے جلد حتمی فیصلہ کیا جائے،تاجر برادری کے ساتھ سندھ پولیس کے ناروا رویے پر سخت ایکشن لیا جائے، ایم کیو ایم کے وفد نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو فعال کرکے شہریوں کو درپیش مسائل حل کئے جائیں ،کے ایم سی کے ملازمین کی تنخواہوں میں جو 15 فیصد اضافہ ہوا تھا وہ جلد از جلد ادا کیا جائے، کے ڈی اے کے ورک چارج ملازمین جو تنخواہوں سے محروم ہیں انہیں عید سے پہلے تنخواہ ادا کی جائے، وزیر اعلی سندھ نے ایم کیو ایم کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے تاجر برادری اور ایم کیو ایم کے نمائندوں سے ملاقات کا فیصلہ کیا تھا۔

اور اب کنور جمیل، خواجہ اظہار الحسن اور وسیم اختر کی ثالثی میں سندھ حکومت اور تاجروں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد صوبے میں ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاون ہوگا۔