اقوام متحدہ کے حقوق انسانی کمیشن کی سربراہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوراً نوٹس لیں، سردار مسعود خان

ہفتہ 9 مئی 2020 17:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2020ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں حریت پسند کمانڈر ریاض نائیکو کی شہادت کے بعد جاری جھڑپوں میں بھارتی قابض فوج کی طرف سے طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتے ہوئے ایک نوجوان کو شہید اور 50 سے زیادہ پرامن شہریوں کو زخمی کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے حقوق انسانی کمیشن کی سربراہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوراً نوٹس لیں اور بھارت کے غیر قانونی اقدامات پر اٴْسے ذمہ دار ٹھہرائیں۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور مزاحمت کار نوجوانوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اٴْنہوں نے کہاکہ بھارتی فوج سڑکوں اور گلیوں میں پر امن مظاہرے کرنے والے شہریوں پر طاقت کا اندھا دھند استعمال کر رہی ہے کیونکہ اسے خوف ہے کہ یہ مظاہرے بھارت کے خلاف ایک منظم تحریک کی شکل اختیار کر کے کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضہ کے خاتمہ کا سبب بن سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں کے اہم رہنما ریاض نائیکو کی شہادت کے بعد چوتھے روز بھی بھارتی فوج نے ایک طرح کا کرفیو لگا رکھا ہے تاکہ نوجوانوں کو اپنے گھروں سے نکل کر بھارتی فوج کے خلاف مظاہرے کرنے کا موقع نہ مل سکے۔