عالمی بینک اور پاکستان کے مابین37 کروڑ ڈالر فنڈنگ کا معاہدہ طے پا گیا

پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں شراکت داری جاری رکھیں گے، ورلڈ بینک غربت کا خاتمہ اور پس ماندہ علاقوں کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، حکومت پاکستان صحت اور تعلیم کے شعبے کی ترقی میں سنجیدہ ہے، خسرو بختیار

پیر 18 مئی 2020 22:46

عالمی بینک اور پاکستان کے مابین37 کروڑ ڈالر فنڈنگ کا معاہدہ طے پا گیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2020ء) عالمی بینک اور وزارت اقتصادی امور کے مابین دو منصوبوں کے لیے 37 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق عالمی بینک سماجی ترقیاتی پروگرام اور زرعی شعبے کیلئے پاکستان کو 37 کروڑ 10 لاکھ ڈالر فراہم کریگا، ان دو منصوبوں کے لیے عالمی بینک اور وزارت اقتصادی امور کے مابین معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارت اقتصادی امور کے آفس میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں شریک وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور خسرو بختیار نے سماجی ترقیاتی پروگرام اور زرعی شعبے میں فنڈنگ پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا۔عالمی بینک منصوبے کے تحت کے پی میں نظام آب پاشی کے منصوبے میں کل لاگت میں 17 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی فنڈنگ کرے گا، منصوبہ آب پاشی کا دائرہ کار کے پی کے تمام اضلاع پر ہوگا۔

(جاری ہے)

عالمی بینک حکومت پنجاب کے سماجی پروگرام میں 20 کروڑ کی شراکت داری کرے گا، جس کی کل لاگت 330 ملین ڈالر ہے، سماجی ترقیاتی منصوبے میں پرائمری ہیلتھ، تعلیم اور مشروط نقد رقم کی منتقلی کے پروگرام شامل ہیں، سماجی ترقیاتی پروگرام کا دائرہ کار پنجاب کے 11 اضلاع بشمول جنوبی پنجاب کے 8 اضلاع پر ہوگا۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور خسرور بختیار کا کہنا تھا کہ غربت کا خاتمہ اور پس ماندہ علاقوں کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، حکومت پاکستان صحت اور تعلیم کے شعبے کی ترقی میں سنجیدہ ہے۔عالمی بینک کے نمائندے کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں شراکت دار جاری رکھیں گے۔