وفاق سے کوئی ناراضگی نہیں کچھ فیصلوں پر اعتراضات ہیں، مراد علی شاہ

شاپنگ مالز نہ کھولنے کا فیصلہ بھی وفاق نے کیا تھا، 15جون تک ملک میں کورونا کیسز کی تعداد دو لاکھ جبکہ 4676اموات کا خدشہ ہے سپریم کورٹ حکم جاری کرنے سے قبل طبی ماہرین کی رائے لیتی تو اچھا ہوتا، انٹرویو

پیر 18 مئی 2020 23:46

وفاق سے کوئی ناراضگی نہیں کچھ فیصلوں پر اعتراضات ہیں، مراد علی شاہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2020ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاق سے کوئی ناراضگی نہیں کچھ فیصلوں پر اعتراضات ہیں۔ شاپنگ مالز نہ کھولنے کا فیصلہ بھی وفاق نے کیا تھا۔ 15جون تک ملک میں کورونا کیسز کی تعداد دو لاکھ جبکہ 4676اموات کا خدشہ ہے۔ سپریم کورٹ حکم جاری کرنے سے قبل طبی ماہرین کی رائے لیتی تو اچھا ہوتا۔

پیر کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس آنے کے بعد پہلا قدم سندھ حکومت نے ہی اٹھایا تھا۔ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ کورونا کا علاج مکمل لاک ڈائون ہے۔ کورونا کے خلاف فوری رسپانس دینے میں بہت غلطیاں ہوئی ہیں۔ ہماری پہلی ترجیح لوگوں کی زندگیاں بچانا ہے۔ اگر دو ہفتے کا سخت لاک ڈائون کیا جاتا تو کورونا کے کیسز زیادہ نہ ہوتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کے 70سے 80فیصد علاقوں میں کورونا وبانہیں پہنچی۔ ہمارے دیہات ابھی تک محفوظ ہیں لیکن ٹرانسپورٹ کھولنے کا مطلب ہے کہ پورے ملک میں کورونا کو پھیلنے دیا جائے۔ مراد علی شاہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ 15جون تک کورونا کیسز کی تعداد دو لاکھ تک پہنچ سکتی ہے جبکہ 4676اموات کا بھی خطرہ ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے مجھے سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق بریف کیا سپریم کورٹ نے شاپنگ مالز کھولنے سے متعلق فیصلہ کیا لیکن اچھا ہوتا کہ سپریم کورٹ فیصلے سے پہلے طبی ماہرین کی رائے بھی لے لیتی ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے ہماری کوئی ناراضی نہیں ہے۔ صرف کچھ فیصلوں پر اعتراضات تھے ۔ شاپنگ مالز بند رکھنے کا فیصلہ وفاقی حکومت کا ہی تھا۔ شاپنگ مالز کھولنے سے متعلق این سی او سی کو خط لکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چینی سبسڈی کے معاملے سے سندھ حکومت کا کوئی تعلق نہیں اس لئے کمیشن کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کر کے متعلقہ فورم کو آگاہ کرچکا ہوں۔ چینی پر سبسڈی صرف پنجاب نے دی جبکہ چینی کی برآمد سے قلت پیدا ہونے سے چینی کی قیمتوں میں رواں سال اضافہ ہوا ہے۔