موسم سرما کے دوران ایک بار پھر کورونا وباء زور پکڑ سکتی ہے

جنوبی نصف کرہ میں وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ سے معلوم ہوتا ہے کہ اس موسم خزاں اور موسم سرما میں امریکہ میں وائرس کے تیزی سے پھیلنے کا امکان ہے: امریکی محکمہ صحت

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 21 مئی 2020 23:09

موسم سرما کے دوران ایک بار پھر کورونا وباء زور پکڑ سکتی ہے
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 مئی2020ء) موسم سرما کے دوران ایک بار پھر کورونا وباء زور پکڑ سکتی ہے۔ امریکی محکمہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ رواں برس موسم سرما کے دوران ایک بار پھر کورونا کی وبا زور پکڑ سکتی ہے۔ محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیدار نے بتایا ہے کہ جنوبی نصف کرہ میں وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ سے معلوم ہوتا ہے کہ اس موسم خزاں اور موسم سرما میں امریکہ میں وائرس کے تیزی سے پھیلنے کا امکان ہے۔

رابرٹ ریڈ فیلڈنے بتایا کہ امریکا کو اس وبا کا پتا چلانے کی صلاحیت کو آنے والے چند ماہ میں تیزی سے بڑھانا ہو گا تاکہ ایک اور بحران سے بچا جا سکے جب عوام میں کورونا اور موسمی فلو ایک ساتھ ہوں گے۔ امریکی محکمہ صحت کے سنٹر برائے ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ہمارے سامنے آیسے شواہد ہیں جس سے تشویش بڑھتی ہے اور موسم سرما میں اس خطے میں اس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے، جیسا کہ فلو اور اس کی علامات ایک جیسی ہو جائے گی، آپ دیکھ رہے ہیں کہ برازیل میں کیا ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ امریکا میں دنیا میں سب سے زیادہ کورونا کے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے اور سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 50 لاکھ 58 ہزار سے بڑھ گئی ہے، وائرس سے اب تک 3 لاکھ 30 ہزار کے قریب افراد ہلاک ہوچکے ہیں تاہم 20 لاکھ سے زائد افراد وائرس کو شکست دیکر صحت یاب ہو چکے ہیں۔امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے ، ہلاکتوں کی تعدا 94 ہزار 941 تک پہنچ گئی ہے۔

برازیل کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر آنے والا ہے جہاں ایک ہی دن میں 21 ہزار نئے مریض سامنے آنے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 18 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔برطانیہ میں کورونا سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 363 اموات ریکارڈ ہوئی ہیں جس کے بعد برطانیہ میں اموات کی تعداد 35 ہزار 704 ہوگئی۔ اٹلی میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 161 اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 32 ہزار 330ہوگئی ہے۔