مقبوضہ فلسطین اور کشمیرکے عوام کو انصاف ملنے تک اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کی ساکھ پر سوال رہیگا‘ شہباز شریف

نہتے فلسطینیوں اور کشمیریوں کے جائزقانونی حق کو اسرائیل اور بھارت پامال کررہے ہیں ‘ صدر مسلم لیگ (ن)

جمعہ 22 مئی 2020 11:54

مقبوضہ فلسطین اور کشمیرکے عوام کو انصاف ملنے تک اقوام متحدہ، سلامتی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے یوم القدس پر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیرکے عوام کو انصاف ملنے تک اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کی ساکھ پر سوال رہے گا، نہتے فلسطینیوں اور کشمیریوں کے جائزقانونی حق کو اسرائیل اور بھارت پامال کررہے ہیں ۔

ا پنے بیان میں انہوںنے کہا کہ اسرائیل اور بھارت انسانیت کے قاتل بن چکے ہیں،امت مسلمہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی قرض دار ہے ،فلسطین اور کشمیر کے شہداکو سلام ہے جن کا لہو دنیا سے انصاف کا تقاضہ کرتا ہے ،یروشلم، گولان کی پہاڑیوں اور جنوبی اردن کے معاملے پر امریکی یکطرفہ اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہیں،ظالموں کا ساتھ دے کرامریکہ دنیا میں متنازعہ اور نفرت کا نشانہ بن چکا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوم القدس کا تقاضہ ہے کہ قبلہ اول کی آزادی اور فلسطینیوں کے حق کا دفاع امت کی اجتماعی ذمہ داری ہے ،امت کی سطح پر فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے لئے مشترکہ حکمت عملی تیار ہونی چاہیے ۔اوآئی سی کواسلامی دنیا کے ان کلیدی تنازعات پر امت کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے کام کرنا ہوگا ،اللہ تعالی سے دعا ہے کہ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور مظلوم اہلخانہ کو صبر جمیل دے۔