Live Updates

فلسطین کے معاملے میں ظالموں کا ساتھ دے کرامریکہ دنیا میں نفرت کا نشانہ بن چکا ہے، قائد حزب اختلاف شہباز شریف

جمعہ مئی 15:01

فلسطین کے معاملے میں ظالموں کا ساتھ دے کرامریکہ دنیا میں نفرت کا نشانہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2020ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے یوم القدس پر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیرکے عوام کو انصاف ملنے تک اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کی ساکھ پر سوال رہے گا، نہتے فلسطینیوں اور کشمیریوں کے جائز قانونی حق کو اسرائیل اور بھارت پامال کر رہے ہیں، اسرائیل اور بھارت انسانیت کے قاتل بن چکے ہیں، امت مسلمہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی قرض دار ہے۔

فلسطین اور کشمیر کے شہداء کو سلام ہے جن کا لہو دنیا سے انصاف کا تقاضا کرتا ہے۔ یروشلم، گولان کی پہاڑیوں اور جنوبی اردن کے معاملہ پر یکطرفہ امریکی اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہیں، ظالموں کا ساتھ دے کرامریکہ دنیا میں متنازعہ اور نفرت کا نشانہ بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوم القدس کا تقاضا ہے کہ قبلہ اول کی آزادی اور فلسطینیوں کے حق کا دفاع امت کی اجتماعی ذمہ داری ہے، امت کی سطح پر فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کیلئے مشترکہ حکمت عملی تیار ہونی چاہئے، او آئی سی کو اسلامی دنیا کے ان کلیدی تنازعات پر امت کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ الله تعالیٰ سے دعا ہے کہ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور مظلوم اہلخانہ کو صبر جمیل دے۔

کرونا کی امریکہ پر یلغار سے متعلق تازہ ترین معلومات