کشمیریوں کی قربانیاں تحریک آزادی کا سب سے بڑا اثاثہ ہے، اشرف صحرائی

کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر کی عید الفطر کے موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد

ہفتہ 23 مئی 2020 18:01

سری نگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2020ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کہا ہے کہ آزادی کے لئے کشمیریوں کی بے مثال قربانیاں تحریک آزادی کا سب سے بڑا اثاثہ ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے یہ بات ان لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جوان کے فرزند جنید صحرائی کی شہادت پر اظہار یکجہتی کے لیے ان کے گھر گئے اوریا ٹیلیفون پران سے گفتگو کی۔

جنید صحرائی کو بھارتی فوجیوں نے منگل کو سرینگر کے علاقے نواکدل میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیاتھا۔ محمد اشرف صحرائی نے کہا اگرچہ قربانیاں دینا آسان ہے لیکن ان کی حفاظت کرنا ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کے اہل خانہ اور دیگر کشمیریوں کی قربانیاں تب ہی معنی خیز ثابت ہوں گی جب مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کی صبح دیکھیں گے۔

میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم کا ایک وفداور حریت رہنما زمرو دہ حبیب سینئرحریت رہنما محمد اشرف صحرائی کی رہائش گاہ پر گئیں اور شہید جنید صحرائی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بلال صدیقی ، محمد یوسف نقاش ، جاوید احمد میر اور قاضی محمد عمران سمیت حریت رہنماؤں نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ کشمیری نوجوانوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس اور حریت رہنماؤںآغا سید حسن الموسوی الصفوی، فاروق احمد توحیدی ، مولوی بشیر احمد،عمر عادل ڈار ، غلام احمد آزاد ، اسلامی تنظیم آزادی اور جموں و کشمیر تحریک استقلال نے اپنے بیانات میں دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر زوردیا کہ وہ عید سادگی کے ساتھ منائیں اور اس اچھے موقع پراپنی خوشیاںشہدائے کشمیراور غیر قانونی طور پر نظربند کشمیریوں کے اہل خانہ کے ساتھ بانٹیں۔

حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے طیارے کے المناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پربھی دکھ اورافسوس کا اظہار کیاہے۔ اسلامی تعاون تنظیم کے انسانی حقوق کمیشن کے ارکان نے جدہ میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے نئے ڈومیسائل قانون کے نفاذ کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو اپنی ہی سرزمین پر اقلیت میںتبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔صحافیوںکی بین الاقوامی تنظیموں انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس اور نیو یارک میں قائم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس کی طرف سے صحافیوں کو مسلسل ہراساں کئے جانے کی مذمت کی ہے۔تازہ ترین واقعہ سرینگر کے صحافی فہد شاہ کے ساتھ پیش آیا جنہیں سٹی پولیس نے طلب کرکے شہر میں مجاہدین اور بھارتی فوجیوں کے درمیان حال ہی میں ہونے والی جھڑپ کی رپورٹنگ کے بارے میں پوچھ گچھ کی ۔ اس جھڑپ کے دوران بھارتی فوجیوں نے کم از کم 15 مکانات کو تباہ کیا اور نقدی اور زیورات سمیت قیمتی اشیاء لوٹ لی تھیں۔