پنجاب میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی

عید کا چاند دیکھنے کیلئے زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس سے چاند سے متعلق شہادتیں اکٹھی کی گئیں، عید منانے کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 23 مئی 2020 20:04

پنجاب میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2020ء) پنجاب میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، عید کا چاند دیکھنے کیلئے زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس سے چاند سے متعلق شہادتیں اکٹھی کی گئیں، عید منانے کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

(جاری ہے)

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن کی سربراہی میں شوال المکرم کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کا انعقاد محکمہ موسمیات کراچی کمپلکس میں ہوا۔ اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے اراکین، زونل کمیٹی ممبران، بحریہ کے ماہرین بھی شریک ہوئے جبکہ تکنیکی معاونت کیلئے محکمہ موسمیات سپارکو کے اراکین بھی اجلاس میں شامل ہوئے۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے  میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ جب چاند سے متعلق فیصلہ ہوگا میڈیا کو آگاہ کردیا جائے گا۔
اسی طرح عید کا چاند دیکھنے کیلئے زونل رویت ہلال کمیٹی پنجاب کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ لیکن عید منانے کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
مزید برآں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چاند نظر آنے کا وقت 8 بج کر 9 منٹ تک ہے۔ کوئٹہ میں مطلع صاف ہے۔

تاہم چاند کی رویت کے امکانات نہیں۔
کوئٹہ اور گردونواح میں چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔
اسلام آباد میں چاند دیکھنے کیلئے مطلع صاف ہے۔ لیکن اسلام آباد میں چاند نظر آنے کے امکانات بہت کم ہیں۔

دوسری جانب
وفاقی وزیر فواد چودھری نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں اہل اسلام کو عید مبارک کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ پوری اسلامی دنیا ایک ہی دن عید منائے، کل ایک طویل عرصے بعد سعودی عرب، ایران، ترکی، اینڈونیشیا، پاکستان اور بنگلہ دیش ایک ہی دن یعنی 24 مئ کو عید منائیں گے۔ انہوں نے اپنے دوسرے ٹویٹ میں کہا کہ سانگھڑ ، بدین، ٹھٹھہ ، جیوانی، پسنی میں چاند7 بج کر36 منٹ سے8 بج کر14منٹ تک چاند دیکھا جاسکتا ہے۔

بدین میں چاند سب سے زیادہ واضع ہے اگر ان علاقوں میں موسم خراب نہیں تو دور بین لیکر چھت پر چڑھیں اور اپنی ویڈیو بھی شیئر کریں۔ اسی طرح فواد چودھری نے رویت ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا اسمارٹ فون میں رویت ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اورچاند کی لوکیشن دیکھیں۔ اسی طرح فواد چودھری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مشکلات پر قابو پانا ہی زندگی ہے، انشااللہ مشکل وقت سے نکلیں گے، مذہبی تہواروں کو یکجہتی کی وجہ بننا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ چاند کو زمین کے گرد چکر مکمل کرنے میں 29 دن سے کچھ زیادہ لگتا ہے، سورج کی روشنی میں چاند نظر نہیں آتا، سورج غروب ہونے اور چاند نکلنے میں 38 منٹ کا فرق ہونا چاہیے، چاند کی اونچائی 6.5 ڈگری ہونی چاہیے، چاند نظر آنے کا کم سے کم زاویہ 9 ڈگری کا ہونا چاہیے، 22 مئی کی رات 10 بجکر 39 منٹ پر شوال کے چاند کی پیدائش ہوچکی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، جیوانی، پسنی میں چاند 7 بجکر 36 منٹ سے 8 بجکر 14 منٹ تک دیکھا جاسکتا ہے، سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، جیوانی، پسنی میں چاند کی عمر 20 گھنٹے ہوگی، پشاور میں ہفتہ کو چاند نظر آنے کا امکان نہیں، ہم نے تجاویز وزیراعظم آفس کو بھجوا دی ہیں، جو وزیراعظم فیصلہ کریں گے ہم فالو کریں گے۔