تارکین وطن کی واپسی کے لیے لاہور اور اسلام آباد ائیر پورٹ پر اوورسیز فیسیلیٹیشن سینٹر ز قائم کیے جائیں گے

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حید رخان کی زیر صدار اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ

جمعہ 5 جون 2020 21:50

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حید رخان کی زیر صدار اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تارکین وطن کی واپسی کے لیے لاہور اور اسلام آباد ائیر پورٹ پر اوورسیز فیسیلیٹیشن سینٹر ز قائم کیے جائیں گے اور اس کے لیے مطلوبہ سٹاف فوری طور پر مہیاکیا جائے گا ۔ تارکین وطن کو سہولیات فراہم کرنے اور ان سے رابطے کے لیے ایڈیشنل آئی جی فہیم احمد خان کی زیرقیادت میں بنائی گئی اعلیٰ سطحی کمیٹی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے تمام افراد کا ڈیٹا حاصل کر کے ان کے متعلقہ اضلاع کے انٹری پوائنٹس پر قائم اوور سیز ڈیسک کو فراہم کیا جائے گا ۔

انٹری پوائنٹس اوور سیز فیسلیٹیشن سنٹرز کو مزید فعال بنایا جائے گا اور اس کے لیے تمام ضروری سٹاف فوری طور پر مہیا کیا جائے گا جو انٹری پوائنٹس پر بیرون ممالک سے واپس آنے والوں کی رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ ان کی تفصیلات متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ز اور ضلعی انتظامیہ کو فراہم کریں گے جبکہ انہیں ہوم آئسولیشن فراہم کرنے کے لیے رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

باہر سے آنے والے افراد کا کورونا ٹیسٹ ان کے گھروں میں ہی ہو گا ۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حید رخان کی جانب سے مقرر کیے گئے اوورسیز کو آرڈینیٹرز بھی ٹریس اینڈ ٹریک کمیٹی سے رابطہ رکھیں گے اس حوالے سے کمشنر اوور سیز کو بھی خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔ اجلاس کو بتایا کہ ماہ فروری سے لے اب تک 27310 تارکین وطن آزادکشمیر آئے جن میں سے 25914سے رابطہ کر کے انہیں ہوم آئسولیشن میں رکھا گیا۔

6اپریل سے 26مئی تک 829 لوگ بیرون ملک سے آئے جن میں سب کے ساتھ رابطہ کر کے انہیں ہوم آئسولیشن میں رکھا گیا اس کے علاوہ تبلیغی جماعتوں سمیت تفتان سے آنے والے تمام افراد کو قرنطینہ کیا گیا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ تارکین وطن جو پہلے سے بہت مشکلات کا شکار ہیں وطن واپسی پر ان کو مزید کسی پریشانی میں نہیں ڈالنا چاہتے ان کے ٹیسٹ گھروں میں ہوں گے وہ اپنے ڈیٹا کا اندراج کر وا کر اپنے گھروں میں جا سکتے ہیں جہاں محکمہ صحت ان کا ٹیسٹ کرے گا اور ٹیسٹ پازیٹو آنے کی صورت میں ان کا مکمل علاج معالجہ کیا جائے گا ،ان سے بھی گزار ش ہے کہ وہ بیرون ملک سے آ رہے ہیں وہ اپنے خاندان اور پیاروں کی خاطر حد درجہ احتیاط کریں اور جب تک ان کا ٹیسٹ رزلٹ نہیں آ جاتا کسی سے بھی میل جو ل نہ کریں ہمیں ان کی پریشانیوں اور مشکلات کا احساس ہے انکی وطن عزیز پاکستان کے لیے بڑی خدمات ہیں ۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ جو اوور سیز کو آرڈینیٹر مقرر کیے گئے ہیں وہ کمشنر اوور سیز کے ساتھ مل کر ان کی وطن واپسی کو آسان بنائیں اور ریاستی حکومت کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں ۔ دریں اثنا وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حید رخان کی زیر صدارت محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ کے حوالے سے اعلیٰ اجلاس منعقد ہوا ۔

جس میں وزیر سیاحت مشتاق احمد منہاس ،وزیر صحت ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان ،چیف سیکرٹری آزادکشمیرمطہر نیاز رانا ،سیکرٹری سیاحت مدحت شہزاد نے شرکت کی ۔ اجلاس میں شعبہ سیاحت کو درپیش مسائل اور مشکلات کا بھی جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا حکومت پاکستان کی جانب سے سیاحت کی بحالی کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق آزادکشمیر میں بھی شعبہ سیاحت کو بحال کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی جائے گی تاہم ابھی تک وفاقی حکومت کا شعبہ نیگٹیو لسٹ میں ہے اجلاس میں بحالی کے لیے ایس او پیز کا بھی جائزہ لیا گیا اور مزید جائزے کے لیے محکمہ صحت سے بھی ان پٹ لی جائے گی ۔