مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں سب سے زیادہ ترقی وادی لیپہ میں ہوئی،ڈاکٹر مصطفی بشیر

لیپہ میں رہنے والا ہر شخص واضح تبدیلی محسوس کررہا ہے، نیلی سے ریشیاں تک مکمل پختہ سڑک تعمیر ہو چکی ہیں،وادی لیپہ میں الگ ایس ڈی او کا دفتر قائم کر دیا گیا ہے،بجلی کی ترسیل کا نظام بہتر بنایا جارہا ہے، سکولوں کی عمارات پر بھی کام جاری ہے،لیپہ کرناہ میں صحت کا نظام پہلے سے بہتر ہے،این ٹی ایس اور پی ایس سی کے تحت غریب گھرانوں کے نوجوان اعلی عہدوں پر تعینات ہوئے،ڈاکٹرز ہمہ وقت ہسپتالوں میں موجود ہیں،وزیر آئی ٹی آزاد کشمیر

ہفتہ 6 جون 2020 16:57

لیپہ ویلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2020ء) آزاد جموں و کشمیر کے وزیر آئی ٹی ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں سب سے زیادہ ترقی وادی لیپہ میں ہوئی۔ لیپہ میں رہنے والا ہر شخص واضح تبدیلی محسوس کررہا ہے۔ نیلی سے ریشیاں تک مکمل پختہ سڑک تعمیر ہو چکی جبکہ ریشیاں سے موجی تک پختہ سڑک کا کام جاری ہے۔

کیسرکوٹ تا چننیاں اور انڑی تا کیسر کوٹ پختہ سڑک پر کام جاری ہے۔تلواڑی تا بجلدار 2 کلو میٹر اور نکوٹ تا کھیواڑہ 1 کلو میٹر سڑک کے ٹینڈر ز لگ ہیں ان پر جلد کام شروع کو جا ئے گا۔ایل او سی پیکج میں بھی 7 کلو میٹر سڑکات تعمیر کی جائیں گی۔ وادی لیپہ میں الگ ایس ڈی او کا دفتر قائم کر دیا گیا ہے اب بجلی سے متعلقہ تمام لیپہ کرناہ میں موجود ہونگے۔

(جاری ہے)

بجلی کی ترسیل کا نظام بہتر بنایا جارہا ہے۔ سکولوں کی عمارات پر بھی کام جاری ہے۔ لیپہ کرناہ میں صحت کا نظام پہلے سے بہتر ہے۔این ٹی ایس اور پی ایس سی کے تحت غریب گھرانوں کے نوجوان اعلی عہدوں پر تعینات ہوئے۔ڈاکٹرز ہمہ وقت ہسپتالوں میں موجود ہیں۔۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے بجلدار کے مقام وادی لیپہ کرناہ کے عمائدین اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مسلم کانفرنس وادی لیپہ کرناہ کے صدر و سینئر رہنما حلقہ لیپہ کرناہ محمد انور نے وادی لیپہ کرناہ کی بھرپور تعمیر ترقی اور دیرینہ مسائل حل کرنے پر ڈاکٹر مصطفی بشیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ملک شوکت ، راجہ اقبال، غلام حسین قریشی، ریاض اعوان و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہا کہ وادی لیپہ کرناہ کے عوام کو گزشتہ دور حکومت میں نظر انداز کیا گیا۔

وادی لیپہ کے فنڈز کو یہاں خرچ نہیں کیا گیا۔ لیپہ کے عوام کا حق کھانے والوں کو عوام نے گزشتہ انتخابات میں مسترد کر کے واضع پیغام دیا ہے کہ عوام لیپہ کرناہ کی تعمیر و ترقی کرنے والوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے چار سالہ دور اقتدار کا مقابلہ گزشتہ پندرہ سالہ دور سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد مسلم لیگ ن کی حکومت نے تعمیر و ترقی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے تاریخی منصوبہ جات دیے۔ آزاد کشمیر کا ترقیاتی بجٹ دوگنا کروانے کا کریڈٹ مسلم لیگ ن کو جاتا ہے جس پڑ محمد نواز شریف کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بقیہ عرصہ میں بھی تعمیر و ترقی کا سلسلہ جاری رہے گا اور عوامی خدمت جار رکھیں گے۔