متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا سندھ بجٹ میں کراچی کی ترقی کے لیے مجموعی بجٹ کا 40 فیصد مختص کرنے کا مطالبہ

ہفتہ 13 جون 2020 23:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2020ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سندھ بجٹ میں کراچی کی ترقی کے لیے مجموعی بجٹ کا 40 فیصد مختص کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اورسابق وزیر بلدیات رکن سندھ اسمبلی محمد حسین خان نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کوارسال کیے گئے ایک خط میں کراچی کی تباہ حالی، زبوں حالی اور خستہ حالی بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا سب سے زیادہ آ بادی تین کروڑ کا حامل شہر ہے اور صوبہ سندھ کا کیپٹل ہے۔

کراچی شہر وفاق کی ٹوٹل آمدنی میں 70 سے % 75 حصہ ڈالتا ہے اور اسی طرح سندھ کی ٹوٹل آ مدنی کا%90 فیصد فراہم کرتا ہے۔خط میں اظہارافسوس کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ پورے ملک کو چلانے والے کراچی شہر کی حالت یہ ہے کہ وفاق اور صوبائی حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے یہاں کاروڈ انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

تعلیمی اداروں، اسپتالوں میں سہولیات نہیں ہیں اتنے بڑے شہر میں ٹرانسپورٹ کا سسٹم نہیں ہے۔

کھیل کے میدان تباہ ہوچکے ہیں،بلدیاتی ادارے تباہ کر دیئے گئے ہیں۔ ماحول میں آ لودگی کی وجہ سے کراچی دنیا کے دس خطرناک ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔ محمد حسین نے کراچی کی زبوں حالی اورمسائل بیان کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ مالی سال 2020-2021 کے بجٹ میں ٹوٹل ترقیاتی بجٹ میں سے کراچی کی ترقی کے لیئے 40 فیصد رقم مختص کی جائے۔