Live Updates

وزیراعظم کا اسامہ کو شہید کہنا زبان پھسلنا نہیں

عمران خان کی مسلسل یہی اپروچ رہی ہے،حکیم اللہ محسود کو مارا گیا تو عمران خان نے پارلیمنٹ میں اس پر افسوس کیا تھا۔ بابر ستار

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 27 جون 2020 12:31

وزیراعظم کا اسامہ کو شہید کہنا زبان پھسلنا نہیں
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون 2020ء) جنگ اخبار کے رپورٹ کے مطابق سینئر تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا اسامہ کو شہید کہنا زبان پھسلنا نہیں ہے۔وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران اسامہ بن لادن کو شہید کہہ دیا تھا جس پر کافی تنقید کی جارہی ہے،مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ اسامہ بن لادن اس سرزمین پر دہشتگردی لایا اور عمران خان نے انہیں شہید قرار دے دیا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عمران خان کی زبان پھسل گئی تھی جس وجہ سے انہوں نے اسامہ کو شہید کہا۔ اسی حوالے سے سے سینئر صحافی بابر ستار نے کہا ہے کہ عمران خان کا اسامہ بن لادن کو شہید کہنا زبان کا پھسلنا نہیں ہے۔عمران خان نے نئی بات نہیں کی ان کی مسلسل ایسی ہی اپروچ رہی ہے۔

(جاری ہے)

حکیم اللہ محسود کو مارا گیا تو عمران خان نے پارلیمنٹ میں اس پر افسوس کیا تھا۔

سانحہ اے پی سی میں جن لیڈروں نے کالعدم ٹی ٹی پی کے خلاف متفقہ بیانیہ نہیں بننے دیا ان میں عمران خان سرفہرست تھے۔طالبان نے انہیں اپنی مذاکراتی ٹیم میں بھی نامزد کر دیا تھا۔واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے دو روز قبل قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اسامہ بن لادن کو شہید کہا تھا، ابہو کہا کہ اسامہ بن لادن کو ماردیا گیا، پھر کہا شہید کردیا گیا۔

انہوں نے دہشتگردی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم کسی کی جنگ نہیں لڑ رہے۔ اب ہم امن میں شرکت کریں گے جنگ میں شرکت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں شرمساری کے 2 واقعات ہوئے۔ ایک واقعہ ہوا امریکن نے اسامہ بن لادن کو ایبٹ آباد میں آکر مار دیا، شہید کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اتحادی امریکا پاکستان میں آخر اسامہ کو مارتا بھی ہے اور ہم پرتنقید بھی کرتا ہے، دوسری شرمندگی پاکستان میں ڈرون حملے تھے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء خواجہ آصف نے وزیراعظم کے بیان کے ردعمل میں کہا تھا کہ اسامہ بن لادن سرزمین پر دہشتگردی لایا، وزیراعظم نے شہید کہہ دیا ہے۔ جب تک وزیراعظم کرسی پر ہیں تو تباہی جاری رہے گی، عمران خان نے آج اسمبلی میں کسی کو سنانے کیلئے فرمائشی تقریر کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات