وزیراعظم پاکستان ایل او سی پیکج کے تحت آزادکشمیر بھر سمیت ضلع جہلم ویلی کے 48 دیہاتوں میں خصوصی تعمیر و ترقی ہوگی‘سید ذیشان حیدر

پیر 29 جون 2020 14:00

ہٹیاں بالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2020ء) سابق امیدوار قانون سازاسمبلی و سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی جہلم ویلی سید ذیشان حیدر نے وادی کھلانہ میں اپنے دورے کا دوسرا روز بھی انتہائی مصروف گزارا۔شاہکنجہ، بڑی بیک، گھی کوٹ، کلس، بانڈی بالا، راجپور اور دیگر مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب، عوامی مسائل سنے، عوام علاقہ مسلم لیگ ن کی کرپشن اور نااانصافیوں کے خلاف پھٹ پڑے۔

ذیشان حیدر نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دس ارب روپے سے زائد مالیت کے ایل او سی پیکج کے متعلق عوام علاقہ کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر ذیشان حیدر کے ہمراہ مرکزی جوائنٹ سیکرٹری لیاقت علی اعوان، سنئیر رہنماء صوبیدار الطاف مغل، سرفراز احمد عباسی، نعیم عباسی، چوہدری پرویز، محمد فیصل، شجاعت کاظمی، امتیاز شاہ، محمد عظیم اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مختلف مقامات پر عوام علاقہ نے دل کی اتھا گہریوں سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے ذیشان حیدر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان ایل او سی پیکج کے تحت آزادکشمیر بھر سمیت ضلع جہلم ویلی کے 48 دیہاتوں میں خصوصی تعمیر و ترقی ہوگی۔ پہلے مرحلے میں تحصیل ہٹیاں بالا کے 27 دیہات اور وادی لیپہ کے 21 دیہاتوں کی جملہ خاندانوں کو بلا امتیاز احساس پروگرام کے 24 ہزار روپے دو اقساط میں فی خاندان کے حساب دئیے جائیں گے۔

جس کا افتتاح آج وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان نے تین روز قبل مظفرآباد میں کیا۔ اس کے علاوہ ضلع جہلم ویلی کے تمام خاندانوں کو صحت انصاف کارڈز،مستحق ترین افراد کو راشن کارڈز، ماہانہ دو ہزار روپے والے احساس کفالت کارڈز بھی دئے جائیں گے۔ 31 کلو میٹر پختہ سڑکیں، ہسپتال، ٹیکنکل اینڈ وکیشنل تعلیمی ادارے سمیت مختلف منصوبے شامل ہیں۔ وفاقی حکومت کے تحت احساس پروگرام،سیاحت، زراعت، صحت انصاف‘ تعلیم اور دیگر تعمیر و ترقی کی درجنوں منصوبے پر پہلے سے ہی عملدرآمدجاری ہے۔ آنے والی حکومت تحریک انصاف کی ہے حکومت میں آکر تمام محرومیوں کا ازالہ کریں گے اور جملہ جعلی سکیم خور مافیہ کو پابند سلاسل کیا جائے گا۔