نامعلوم افراد اور معلوم مافیاز کی سہولت کار حکومت بے نقاب ہو چکی ہے ، مولابخش چانڈیو

قوم کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر حکمران ڈرامے کر رہے ہیں ،کورونا کی وبا کے دنوں میں بجلی ، پیٹرول اور اب آٹا مہنگا کر دیا گیا ہے Yپنجاب اور خیبرپختونخواہ میں عمران خان کے "میروٹوکریسی" نے لوگوں سے روٹی تک چھین لی ہے، مافیاز حکومت کی سہولتکاری سے عوام اور ملکی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، بیان

بدھ 8 جولائی 2020 19:03

نامعلوم افراد اور معلوم مافیاز کی سہولت کار حکومت بے نقاب ہو چکی ہے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2020ء) مر کزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ نامعلوم افراد اور معلوم مافیاز کی سہولتکار حکومت بے نقاب ہو چکی ہے ، قوم کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر حکمران ڈرامے کر رہے ہیں ،کورونا کی وبا کے دنوں میں بجلی ، پیٹرول اور اب آٹا مہنگا کر دیا گیا ہے ، پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں عمران خان کے "میروٹوکریسی" نے لوگوں سے روٹی تک چھین لی ہے، مافیاز حکومت کی سہولتکاری سے عوام اور ملکی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں مولابخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں لوڈشیڈنگ نے شدید گرمی میں عذاب برپا کر رکھا ہے۔حکومت کورونا اور ٹڈی دل کی طرح بجلی کے بھی غلط اعداد و شمار دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

غلط بیانی کرنا، "نامعلوم ذرائع" پر انحصار کرنا عمران اور پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے۔جسے ڈرامائی انداز میں جے آئی ٹی رپورٹ بنا کر ہنگامہ کھڑا کیا گیا اب کہتے ہیں وہ "نامعلوم " افراد دے گئے۔

جن نامعلوم افراد کے سرپرستوں نے کراچی میں قیامت برپا کئے رکھی وہ آج حکومت میں ہیں ، مولابخش چانڈیو کا کہناتھاکہ سلیکٹڈ کے وزرا بھی سلیکٹڈ کی طرح بغیر کسی ثبوت کے الزام لگا دیتے ہیں ۔ہاتھ اچھال اچھال کر باتیں کرنے سے کہی ہوئی ہر بات سچ نہیں ہو جاتی ۔ہمیں پتا ہے یہ ہنگامہ کورونا، ٹڈی دل ،مہنگائی اور حکومت کی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے کیا جا رہا ہے ۔

جعلی جے آئی ٹی رپورٹ پر جو ہنگامہ کیا گیا اس کا تحریک انصاف کی حکومت کو جواب دینا ہوگا ۔کورونا سے فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹروں اور شعبہ صحت کے افراد بھی حکومت کی اولیت نہیں ، مولابخش چانڈیو نے کہا کہ یہ اپنے مالی سہولتکاروں اور مافیاز کو نواز رہے ہیں ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز کو رسک الاؤنس دینے کو تیار نہیں ۔بلاول بھٹو زرداری کے ویڑن پر حکومت سندھ نے ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز کو رسک الاؤنس دیا۔وفاقی اور دیگر صوبائی حکومتیں اسی طرح بلاامتیاز رسک الاؤنس کیوں نہیں دے رہیں ۔