عمران خان جو ماضی میں اقاموں اور غیر ملکی شہریت پر شدید تنقید کرتے رہے ہیں، اب اپنی کابینہ غیر ملکی شہریوں کے ذریعے چلا رہے ہیں،تیمورتالپور

غیر ملکی شہریوں کا وفاقی کابینہ میں ہونا اور ملک و قوم کی قسمت کے فیصلے کرنا انتہائی شرمناک ہے،پی ٹی آئی کے الیکشن میں ساری فنڈنگ عارف نقوی نے کی جس کے سبب وفاقی حکومت کے الیکٹرک کیخلاف کچھ نہیں کرتی ،صوبائی وزیر برائے انفارمیشن سائنس و ٹیکنالوجی

پیر 20 جولائی 2020 20:25

․کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2020ء) صوبائی وزیر برائے انفارمیشن سائنس و ٹیکنالوجی تیمور تالپور نے کہا ہے کہ عمران خان جو ماضی میں اقاموں اور غیر ملکی شہریت پر شدید تنقید کرتے رہے ہیں، اب اپنی کابینہ غیر ملکی شہریوں کے ذریعے چلا رہے ہیں، جو ملکی آئین و قانون سے کھلم کھلا مذاق کے مترادف ہے۔ عمران خان نے ہر اس شخص کو نوازنے کی قسم کھائی ہے جو اس کیلئے اے ٹی ایم کی حیثیت رکھتا ہے۔

اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر تیمور تالپور نے کہا کہ غیر ملکی شہریوں کا وفاقی کابینہ میں ہونا اور ملک و قوم کی قسمت کے فیصلے کرنا انتہائی شرمناک ہے۔ پیپلز پارٹی نے کے الیکٹرک کی نجکاری کیخلاف ہمیشہ احتجاج کیا۔ 2005 میں ایم کیو ایم اور اس کے وزرا نے کے الیکٹرک کی نجکاری میں اہم کردار ادا کیا اور آج پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنا کر چیمپئن بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ریحام خان نے اپنی کتاب میں بھی لکھا ہے کہ پی ٹی آئی کے الیکشن میں ساری فنڈنگ عارف نقوی نے کی جس کے سبب وفاقی حکومت کے الیکٹرک کیخلاف کچھ نہیں کرتی اور کراچی کی عوام کو کے الیکٹرک کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے پورا سسٹم تباہ ہو چکا ہے، ہم نے بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے وفاقی حکومت کو مکمل سپورٹ کی لیکن وفاقی حکومت اپنی چیزوں کو درست کرنے کے بجائے الزام سندھ پر لگاتی ہے۔

یہ بجلی ہوتے ہوئے بھی سندھ کو بجلی نہیں دے رہے، جس کی وجہ سے کراچی سمیت پورے سندھ میں بد ترین لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ ایسا کرکے تحریک انصاف سندھ کے عوام سے ووٹ نہ دینے کا بدلہ لے رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی انتشار پھیلانے کی روش پر عمل کرتے ہوئے لوگوں کو اکسارہی ہے۔ بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ سیمتعلق معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔

پی ٹی آئی اگر کورونا کا تدارک نہیں کرسکتی تو پھیلاو سے بھی گریز کرے۔ ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تنقید کرتے ہوئے صوبائی وزیر تیمور تالپور نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی اجازت دے کر مہنگائی کی چکی میں پستے عوام پر ایک اور بم گرا دیا ہے اور انہیں علاج معالجے کی سہولت سے محروم کرنے کی کوشش کی ہے، وفاقی حکومت ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو فی الفور واپس لے۔

ٹی وی کی فیس میں اضافے پر رد عمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان ماضی میں ٹی وی کی 35روپے فیس پر شدید تنقید کیا کرتے تھے، اب انہوں نے ٹی وی فیس کو ختم کرنے کی بجائے بڑھا کر 100 روپے کردیا ہے۔ پیپلز پارٹی اس عوام دشمن فیصلے کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔ گزشتہ دو سالوں میں نیازی سرکار نے عوام پر ٹیکسز لگانے کے سوا اور کوئی کام نہیں کیا۔ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو بنی گالہ گھیرے میں ہوگا۔ قوم انتظار میں ہیکہ حکومت کب چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کے سوالات کے جواب دے گی۔ سلیکٹڈ کو اب بی آرٹی، مالم جبہ، بلین ٹری،ایف آئی اے رپورٹ اور وزیراعظم عمران خان کی بہنوں کوحساب دینا پڑے گا۔