بلاول بھٹو زرداری کا سندھ پولیس کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت

دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف لڑنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں، چیئر مین پیپلز پارٹی

منگل 4 اگست 2020 20:33

بلاول بھٹو زرداری کا سندھ پولیس کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ پولیس کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف لڑنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔ اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہم وطن شہریوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے شہداء کو سلام۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف لڑنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم سب کو ان پولیس اہلکاروں پر فخر ہے،سندھ پولیس ہمیشہ دہشت گردوں اور مجرموں کے خلاف بڑی بہادری سے مقابلہ کرتی آئی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ کراچی اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردانہ حملے کے خلاف مزاحمت سندھ پولیس کے دلیرانہ کردار کا مظہر تھا۔

(جاری ہے)

پی پی پی چیئرمین نے شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ان اقدامات میں تعلیم و صحت کی سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہو۔ انہوںنے کہاکہ پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہریوں کی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں،پوری قوم اٴْن شہداء کو سلام پیش اور احترام کرتی ہے۔