بیرسٹر سلطان محمود کی چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے ملاقات :

آزاد جموں و کشمیر میں بھرپور انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ عمران خان کے کشمیر پر واضح، ٹھوس اور غیر متزلزل مؤقف نے اہلِ کشمیر میں جدوجہد کی نئی امنگ جگائی ہے،بیرسٹر سلطان کارکن تیاری کریں، جلدآزاد جموں و کشمیر کیلئے انتخابی حکمت عملی کا اعلان کریں گے،سیف اللہ خان نیازی

بدھ 12 اگست 2020 21:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2020ء) تحریک انصاف نے آزاد جموں و کشمیر میں بھرپور انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔بدھ کے روز تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے خصوصی ملاقات کی ہے جس میں آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،دونوں رہنمائوں نے آزاد جموں کشمیر کے آئندہ انتخابات کیلئے بھرپور حکمت عملی کی تیاری اور کسی اتحاد کے بغیر انتخابی میدان میں اترنے کے عزم کو دوہرا ہے ۔

بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے کشمیر پر واضح، ٹھوس اور غیر متزلزل مؤقف نے اہلِ کشمیر میں جدوجہد کی نئی امنگ جگائی ہے،جنگ بندی لکیر کے دونوں اطراف میں بسنے والے کشمیری وزیراعظم کی قیادت سے امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہیں،آزاد جموں و کشمیر سیاسی بیداری کے عروج پر ہے، کشمیری عوام تحریک انصاف کی راہ تک رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ کشمیر ہمارے وجود کا حصہ، حق خودارادیت اور آزادی حقیقی منزل ہے، وزیراعظم کی قیادت میں تحریک انصاف ہر فورم ہر محاذ پر اہل کشمیر کی ترجمان ہے، آزادجموں و کشمیر کی تعمیر وترقی کا پورا خاکہ تیار کرچکے ہیں، کسی سیاسی یا انتخابی اتحاد کے بغیر انتخابی میدان میں اتریں گے اور اپنے بل پر حکومت قائم کریں گے، کارکن تیاری کریں، جلدآزاد جموں و کشمیر کیلئے انتخابی حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔