برصغیر جنوبی ایشیاء میں مملکت خداد پاکستان کا ظہور اس خطہ کے عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں،سردار عتیق

مقبوضہ جموںوکشمیر کی آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کے لیی70سالوں سے نہتے کشمیری جدوجہد کر رہے ہیں،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعرات 13 اگست 2020 23:00

اولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2020ء) آل جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ 14 اگست 1947 ء کو برصغیر جنوبی ایشیاء میں مملکت خداد پاکستان کا ظہور اس خطہ کے عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے پُرامن سیاسی جدوجہد کے ذریعے پاکستان حاصل کیا۔

دنیا کی تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ کسی سیاسی رہنماء نے مذاکرات سے پرامن جدوجہد کے ذریعے انگریز حکمرانوں سے نجات حاصل کی ہو۔ قائد اعظم محمد علی جناح اور اُن کے رفقاء کار کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ حضرت قائد اعظم کے تین بنیادی اصولوں یقین، اتحاد اور تنظیم کو بنیاد بنا کر کام کریں۔

(جاری ہے)

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر کی آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کے لیی70سالوں سے نہتے کشمیری جدوجہد کر رہے ہیں۔

سردار عتیق احمد خان نے ان خیالات کا اظہار قیام پاکستان کی 72 ویں سالگرہ کے موقع پرقوم کے نام اپنے ایک خصوصی پیغام میں کیا ۔ قائد مسلم کانفرنس نے تحریک پاکستان کے دوران شہید ہونے والوںکو خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوںنے اس موقع پر نومبر 1947 ء کے ابتدائی دنوں میں پاکستان کے ساتھ محبت کے جرم میں ڈھائی لاکھ سے زائد شہدائے جموں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کا ایک مضبوط قلعہ ہے اور دنیا بھر میں یہ واحد ملک ہے جو صرف اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا۔ انھوںنے ہندوستان سے ہجرت کر کے آنے والے مسلمانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔