شہر کے مختلف علاقوں میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پربرف خانہ سمیت دو سویٹس اینڈ بیکرز، دو میٹ شاپس کو سربمہر

جمعہ 21 اگست 2020 05:51

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2020ء) صوبائی وزیر خوراک سردار عبدالرحمان کھیتران کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی غیر معیاری، زائد المعیاد اور مضر صحت اشیاء خوردونوش کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیموں نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ایک برف خانہ سمیت دو سویٹس اینڈ بیکرز، دو میٹ شاپس کو سربمہر جبکہ تین پکوان ہاؤس،تین میٹ شاپس،تین ہوٹلز اینڈ فاسٹ فوڈ پوائنٹس،ایک بیکنگ یونٹ، ایک جوس کارنر اور ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور پر جرمانے عائد کر دیئے۔

آئس فیکٹری کو لیبارٹری رپورٹ کے مطابق برف کی تیاری میں غیرمعیاری پانی کے استعمال،سویٹس اینڈ بیکرز کو عوامی شکایات موصول ہونے اور بعد ازاں بی ایف اے حکام کی جانب سے معائنے کے دوران باسی بسکٹ و مٹھائیوں اور زائد المیعاد اشیاء کی برآمدگی وصفائی کی ابتر صورتحال اور گوشت کی دکانوں کو بی ایف اے حکام کی دی گئیں گزشتہ ہدایات کے باوجود دکانوں میں جانوروں کو ذبح کرنے،گندگی،دکانوں کے فرنٹ پر شیشہ نصب نہ کرنے اور ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے پر سیل کیا گیا پکوان ہاؤسز کو کھانوں کی تیاری میں ممنوعہ و مضر صحت چائنیز نمک اور نان فوڈ گریڈ کلرز کے استعمال و صفائی کی ابتر صورتحال،ہوٹلوں و فوڈ کارنرز کو صفائی و نکاسی آب کے ناقص انتظامات،باسی گوشت اور کھانوں کی فریزرز میں سٹوریج، بیکنگ یونٹ کو گندی و زنگ آلود مشینری،پروڈکشن میں غیر معیاری اجزاء کے استعمال اور ملازمین کی جانب سے ذاتی صفائی کا خیال نہ رکھنے،جوس کارنر کو باسی اور بڑی مقدار میں فریزرز میں سٹور کیے گئے پھلوں کی موجودگی جبکہ ڈیپارٹمنٹل سٹور کو ممنوعہ و مضر صحت قرار دئیے گئے گٹکا پان پراگ اور چائنیز نمک کی فروخت پر جرمانہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مختلف معائنہ ٹیموں کی جانب سے کارروائیاں اسپنی روڈ،کواری روڈ، جوائنٹ روڈ، جان محمد روڈ،ہدہ جیل روڈ، چمن پھاٹک،کوئلہ پھاٹک اور سیٹلائٹ ٹاؤن و ملحقہ علاقوں میں کی گئیں۔