خیبرپختونخواہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 6 افراد جاں بحق

آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ ہزارہ ڈویژن کے ضلع تور غر میں پیش آیا، صوبے کے بیشتر علاقوں میں مسلسل کئی گھنٹوں سے بارش کا سلسلہ جاری

بدھ 2 ستمبر 2020 21:37

خیبرپختونخواہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 6 افراد جاں بحق
تور غر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 ستمبر2020ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے آسمانی بجلی گرنے سے ضلع تور غر میں چھ افراد کے جاں بحق ہونے اور صوبے کے دیگر حصوں میں سیلابی ریلوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرین کو تنہاء نہیں چھوڑے گی اوراُن کی بحالی و امداد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

بدھ کے روز جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت کیلئے دٴْعا کی ہے۔ اٴْنہوں نے کہاکہ وہ صوبے بھر میں بارشوں کی صورتحال کا لمحہ بہ لمحہ رپورٹس کا بذات خود جائزہ لے رہے ہیں اور بارشوں اور سیلابی ریلوں سے جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کرنے اور متاثرین کو فوری امداد فراہم کرنے اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کیلئے تمام ڈویژنل اور ڈسٹرکٹس انتظامیہ ، پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ محکموں کو پوری طرح متحرک کردیا گیا ہے اور کوشش ہے کہ بارشوں سے جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کیا جائے اور متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے جس کیلئے تمام تر دستیاب وسائل استعمال میں لائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث پانچ افراد ہلاک اور درجنوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے جب کہ سوات میں آمد و رفت کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ خاص کر سوات ریجن میں تشویش ناک حد تک تباہی مچی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سوات اور دیگر شمالی علاقوں میں 24 گھنٹے سے زائد وقت سے مسلسل بارش ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران خیبر پختونخوا میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات و واقعات میں تقریباً 20 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ جبکہ محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخواہ کے بیشتر علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے۔