سپر بلڈ مون؛ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں چاند کو گرہن لگنے کا آغاز

اس چاند گرہن کے دوران پاکستان میں بھی مکمل سرخ چاند کا نظارہ دیکھا جاسکے گا؛ محکمہ موسمیات

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 ستمبر 2025 21:13

سپر بلڈ مون؛ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں چاند کو گرہن لگنے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 ستمبر2025ء ) پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں چاند کو گرہن لگنے کا آغاز ہوگیا، دنیا کے مختلف ملکوں میں بہت سے افراد کی نظریں آسمان کی جانب ہوں گی جہاں زمین کے گرد چکر لگانے والا چاند مکمل طور پر سرخ ہو جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق براعظم ایشیاء، افریقہ اور یورپ میں مکمل چاند گرہن جس کو سپر بلڈ مون بھی کہا جاتا ہے اس کا عمل شروع ہوچکا ہے، پاکستان میں جزوی چاند گرہن 9 بج کر 27 منٹ پر ہوگا جب کہ چاند کو مکمل گرہن 10 بج کر 31 لگے گا جس کے بعد رات 11 بج کر 12 منٹ پر یہ سلسلہ عروج پر ہوگا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رات کو ایک بج کر 55 منٹ پر گرہن ختم ہوگا، چاند گرہن جب عروج پر ہوگا تو اس کا رنگ سفید کی جگہ سرخ نظر آئے گا، زمین کے سائے کے قریب سے گزرتے ہوئے چاند سرخی مائل رنگت میں تبدیل ہو جائے گا جو دل کو موہ لینے والا نظارہ ’سپر بلڈ مون‘ کہلائے گا، اور اس چاند گرہن کے دوران پاکستان میں بھی مکمل سرخ چاند کا نظارہ دیکھا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

ماہرین کا کہنا ہے کہ جب سورج کی روشنی زمین کی سطح سے گزرتی ہے تو نیلی روشنی خارج کرتی ہے جو چاند کی جانب سرخ روشنی کی صورت میں منعکس ہوتی ہے، پورا چاند اُس وقت ہوتا ہے جب زمین، سورج اور چاند کے بالکل درمیان آ جاتی ہے، اس دوران چاند مکمل طور پر روشن ہوتا ہے، پورے چاند کو کاشت کاری پر اس کے اثرات اور نیند سے بھی جوڑا جاتا ہے، بہت سے کاشت کاروں کا خیال ہے یہ بیج کاشت کرنے کا سب سے بہترین وقت ہوتا ہے۔