حکومتی شخصیات کا ڈیٹا لیک؛ وزیر داخلہ کا نوٹس‘ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی

محسن نقوی نے کمیٹی کو 14 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی، ملوث افراد کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 ستمبر 2025 20:20

حکومتی شخصیات کا ڈیٹا لیک؛ وزیر داخلہ کا نوٹس‘ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 ستمبر2025ء ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے موبائل سمز کا ڈیٹا لیک ہونے سے متعلق نشر ہونے والی خبرکا فوری نوٹس لے لیا۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق نیشنل سائبرکرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی نیوزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر خصوصی انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی، انوسٹی گیشن ٹیم ڈیٹا لیکج کے معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرے گی، ڈیٹا لیکج میں ملوث عناصر کا تعین کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تحقیقاتی ٹیم 14 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ انٹرنیٹ پر موبائل سم مالکان کے ایڈریس، کال ریکارڈ، شناختی کارڈ کی نقول، بیرون ملک سفر کی تفصیلات سمیت ذاتی معلومات کی فروخت جاری ہے، اس لیک ہونے والے ڈیٹا میں وفاقی وزراء، اہم حکومتی شخصیات اور اعلیٰ سرکاری افسران کے علاوہ عام پاکستانیوں کی معلومات بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کے ترجمان سمیت تمام متعلقہ حکام کے ڈیٹا کے گوگل پر فروخت ہونے کے انکشاف کے بعد سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، حکومتی دستاویزات اور حساس معلومات کی انٹرنیٹ پر موجودگی کے معاملے پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کے ڈیٹا کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔