عسکری قیادت سے ملاقات میں اپوزیشن رہنماؤں نے نیب کے کیسز کے سوا کسی معاملے پر تحفظات کا اظہار نہیں کیا، شیخ رشید

پیر 21 ستمبر 2020 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2020ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ عسکری قیادت سے ملاقات میں اپوزیشن رہنماؤں نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے کیسز کے سوا کسی معاملے پر تحفظات کا اظہار نہیں کیا۔عسکری قیادت کی پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات کے حوالے سے وزیرریلوے شیخ رشید نے بتایا کہ شہباز شریف، بلاول بھٹو، سراج الحق سمیت عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما بھی شریک تھے۔

شیخ رشید کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے قومی احتساب بیورو (نیب) کیسز کی بات کرنے پر آرمی چیف نے واضح کردیا کہ چیئرمین نیب اور الیکشن کمشنر آپ لگاتے ہیں، آپ کا فرض ہے دیکھیں ٹھیک بندہ لگایاہے یا غلط۔شیخ رشید نے کہاکہ آرمی چیف نے اپوزیشن رہنماؤں سے کھل کر کہا کہ فوج کو مداخلت کا کوئی شوق نہیں،کل آپ کی منتخب حکومت ہوئی تو اٴْس کے بھی ساتھ ہوں گے، آپ اپنے انتظامات ٹھیک کریں، پولنگ اسٹیشن کے باہر فوجی اس لیے کھڑے ہوتے ہیں کہ آپ بٴْلاتے ہیں، آپ لڑتے جھگڑتے ہیں۔

(جاری ہے)

شیخ رشید کے مطابق گلگت بلتستان کے حوالے سے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) کے لیے بہت اہم ہے، سب نے اتفاق کیا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنایا جائیگا،گلگت بلتستان میں الیکشن صاف شفاف ہوں گے۔