Live Updates

سندھ میں روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، حلیم عادل شیخ

پی ٹی آئی مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ سندھ ہیومن رائٹس کمیشن میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت

بدھ 23 ستمبر 2020 17:33

سندھ میں روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ..
کراچی۔23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنماء و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ سندھ ہیومن رائٹس کمیشن میں پیش ہوئے۔ بدھ کو یہاں جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق سندھ ہیومن رائٹس کمیشن نے 2019 گھوٹکی الیکشن کے دوران حلیم عادل شیخ کے کو نوٹس بھیجا تھا، سندھ ہیومن رائٹس کمیشن نے حلیم عادل شیخ پر انسانی حقوق کی خلافی ورزی کے الزام پر سوموٹو لیا تھا جس پر پی ٹی آئی رہنما ء حلیم عادل شیخ اپنے وکلاء کی ٹیم ایڈووکیٹ شاہد سومرو و دیگر کی ساتھ پیش ہوئے اور اپنا جواب جمع کروایا۔

حلیم عادل شیخ نے سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں روزانہ سینکڑوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں لیکن یہ غیر فعال کمیشن کبھی نوٹس نہیں لیتا، سندھ حکومت نے اپنی پارٹی کے حقوق کے لئے یہ کمیشن بنایا ہے، 2011 سے کروڑوں روپے سالانہ بجٹ پر سندھ ہیومن رائٹس کمیشن بنایا ہوا ہے، قانون کے مطابق ایک چیئرمین کی تین سال کی مدت ہوتی ہے ان کی ایک جسٹس صاحبہ کی تیسری مدت چل رہی ہے، پچھلے سال گھوٹکی الیکشن کو دھاندلی کے ذریعے جیتنے کے لئے سندھ حکومت نے مختلف طریقے استعمال کئے تھے،جب میں الیکشن میں گیا تو وہاں ایک دن میں مجھے پانچ نوٹس دیئے گئے،23 جولائی کو ایف آئی آر، سریا کا نوٹس سمیت پانچ نوٹس دیئے گئے لیکن سندھ بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں کبھی سندھ ہیومن رائٹس کمیشن نے ایکشن نہیں لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کمیشن میں پیپلزپارٹی کے لوگ شامل ہیں، سیاسی لوگوں کو دبانا کے لئے کمیشن بنایا گیا،حلیم عادل شیخ کی آواز بند کرانے کے لئے نوٹس دیئے جاتے ہیں، حملے کرائے جاتے ہیں لیکن اللہ کے کرم سے ہر محاذ پر سرخرو ہوتا ہوں، ہرماہ مجھے نوٹس دیئے جارہے تھے آج میں پہنچا ہوں، ان الزامات سے میرا کوئی واسطہ نہیں ہے، میں بری ہوچکا ہوں۔ اس موقع پر حلیم عادل شیخ کے وکیل ایڈووکیٹ شاہد سومرو نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کسی بھی صوبے کے جسٹس بھی سوموٹو ایکشن نہیں لے سکتے، سندھ ہیومن رائٹس کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کی ہے، ہم ان کے سوموٹو ایکشن کو چیلینج کریں گے عدالت جائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات