پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عام آدمی کے حقوق کے لئے آواز اٹھائی ہے،میر سہراب مری

بدھ 23 ستمبر 2020 23:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2020ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پی وائی او اور پی ایس ایف کے کوآرڈینٹر میر سہراب مری نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عام آدمی کے حقوق کے لئے آواز اٹھائی ہے۔پورے ملک میں کارکنوں کو اکٹھا کرنے کے لئے تمام صوبوں کا دورہ کرر ہے ہیں۔خیبر پختوبخوا کے دورے کے بعد پنجاب اور پھر بلوچستان کا دورہ کریں گے اور کارکنوں ایک جھنڈا تلے اکٹھا کرنا ہمارا مشن ہے۔

وہ پیپلز پارٹی کے ضلعی رہنما اور سابق ضلع نائب ناظم اسدعلی کشمیری کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے صوبائی صدر سمیع خان،جنرل سیکرٹری ضیاء اللہ جان،ڈویژنل صدر عدنان زیب اور دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

سہراب مری نے کہاکہ حکومت اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوشش کررہی ہے لیکن انہیں یہ بات معلوم ہونی چاہیئے کہ جتنا اپوزیشن کو دبائیں گے تو اتنا ہی وہ پورے زور کے ساتھ نکلیں گے۔

انہوںنے کہاکہ صوبے کے دورے کا مقصد بلاول بھٹو زرداری کا پیغام کارکنوں تک پہنچانا ہے۔ کارکن تیار اور بلاول کے اشارے کے انتظار میں ہے جب بھی وہ اشارہ دیںگے تو حکومت مخالف تحریک میں نوجوان کا جم غفیر امد آئے گا۔انہوں نے کہاکہ پیپلز یوتھ آرگنائزیشن اور پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن کے عہدیداروں کے مسائل کو پارٹی کے ہائی کمان کے سامنے رکھوں گا اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

سہراب مری نے کہاکہ پیپلز پارٹی غریب عوام کی جماعت ہے اور ہم نے ہمیشہ غریب عوام کے حقوق کے لئے آواز اٹھائی ہے۔پیپلز پارٹی کے ورکرز کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ انکے حقوق کا ہر فورم پر تحفظ کیا جائے گا۔اس موقع پر سابق ضلع نائب ناظم اسد علی کشمیری نے کہاکہ پارٹی کے ہائی کمان کو کارکنوںکے تحفظات پوری طور پر دور کرنے چاہیئے۔مردان میں کارکنوں کے ساتھ پولیس کا رویہ افسوسناک ہے اور آئے روز کارکنوں کو تنگ کیا جارہا ہے ۔انہوں نے سہراب مری کو کارکنوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مردان کے دورے کی دعوت بھی دی