کمال راشد خان نے آئی پی ایل کے رواں سیزن میں 400 بکیز کی موجودگی کا انکشاف کردیا

ان مقابلوں کو دیکھنے میں اپنا وقت کیوں ضائع کروں :بھارتی اداکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 24 ستمبر 2020 12:00

کمال راشد خان نے آئی پی ایل کے رواں سیزن میں 400 بکیز کی موجودگی کا انکشاف ..
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 ستمبر 2020ء ) بھارتی اداکار نے آئی پی ایل کے رواں سیزن میں 400 بکیز کی موجودگی کا انکشاف کردیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر کمال راشد خان نے کہا کہ ’’بھائی صاحب آج، دنیا بھر سے 400 کے قریب بکیز آئی پی ایل کے میچز بک کرنے کیلیے آئے ہیں، ان مقابلوں کو دیکھنے میں اپنا وقت کیوں ضائع کروں‘‘۔ بعد ازاں انہوں نے اپنا یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کردیا ۔

یاد رہے کہ کمال راشد خان بھارتی فلم ایکٹر، پروڈیوسر اور رائٹر ہیں،انہوں نے بگ باس 2009ء میں بھی شرکت کی تھی، وہ KRK اکاﺅنٹ سے ٹویٹ کرتے ہوئے بڑا بولڈ انداز اختیار کرتے ہیں۔واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا 13 واں ایڈیشن متحدہ عرب امارات میں 19 ستمبر سے شروع ہوچکا ہے ، انڈین پریمیر لیگ کے فائنل سمیت تمام میچز یو اے ای کے 3 مقامات دبئی، شارجہ اور ابوظہبی میں کھیلے جائیںگے، لیگ کا فائنل میچ 10 نومبر کو کھیلا جائیگا اور لیگ میں فائنل سمیت 53 میچز کھیلے جائیںگے۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق یہ ایونٹ رواں سال 29 مارچ سے بھارت میں شیڈول تھا لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے 15 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے 14 اپریل کو اس اعلان کے بعد کہ بھارت میں لاک ڈاون کم ازکم 3 مئی 2020ء تک جاری رہیگا، بی سی سی آئی نے ٹورنامنٹ کو غیر معینہ مدت کیلئے معطل کردیا۔ 2 اگست 2020ء کو اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ یہ ٹورنامنٹ 19 ستمبر سے 10 نومبر 2020ء کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائیگا۔

واضح رہے کہ 2014ء میں ہندوستان میں انتخابات کی وجہ سے آئی پی ایل کا آدھا سیزن یواے ای منتقل ہوگیا تھا یوں متحدہ عرب امارات اس سے قبل 2014ء میں آئی پی ایل کے میچز کی میزبانی کرچکا ہے۔ آئی پی ایل کے 13 ویں ایڈیشن میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کرینگی۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم سب سے زیادہ 4 مرتبہ لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔ لیگ کا پہلا ایڈیشن 2008ء میں کھیلا گیا تھا جو راجستھان رائلز نے جیتا تھا۔ شین واٹسن راجستھان رائلز کی قیادت کی تھی۔ لیگ میں اب تک بھارت کے ویرات کوہلی 5412 رنز کیساتھ ٹاپ سکورر جبکہ سری لنکا کے فاسٹ بائولر لاستھ مالنگا نے 170 وکٹوں کیساتھ سب سے زیادہ وکٹ حاصل کی ہیں۔