ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 11 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی کمی

ایک ہفتے میں مرکزی بینک کے ذخائر کم ہوکر 12.70 ارب ڈالر رہ گئے. اسٹیٹ بنک کی رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 24 ستمبر 2020 20:45

ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 11 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی کمی
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 ستمبر ۔2020ء) ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 11 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی کمی آئی ہے اور یہ کمی ایک ہفتے کی مدت میں واقع ہوئی ہے. اسٹیٹ بینک کی جانب جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق ایک ہفتے میں مرکزی بینک کے ذخائر کم ہوکر 12.70 ارب ڈالر رہ گئے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمرشل بینکوں کے پاس ذخائر کی مد میں 7 ارب 20 کروڑ ڈالر موجود ہیں.

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک کے مطابق ذخائر میں کمی کے بعد مجموعی ملکی ذخائر کی مالیت 19 ارب 90 کروڑ ڈالرز ہوگئی ہے گزشتہ ہفتے اسٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ ایک ہفتے میں ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے اسٹیٹ بینک کی جانب بیان کے مطابق 11 ستمبر تک مرکزی بینک کے ذخائر بڑھ کر 12 ارب 82 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئے تھے. اسٹیٹ بینک اعلامیہ کے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس 7 ارب 13 کروڑ ڈالر موجود تھے جبکہ ملکی مجموعی ذخائر 19 ارب 95 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئے تھے خیال رہے کہ جولائی میں قرضوں کی ادائیگی کے بعد مرکزی بینک کے ذخائرمیں 26.6 کروڑ ڈالر کی کمی کے بعد مجموعی ذخائر 10 ارب 9 کروڑ ڈالر رہ گئے تھے.

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ بیرونی قرض کی مد میں 30 کروڑ 10 لاکھ ڈالرکی ادائیگی کی گئی اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کمرشل بینکوں کے ذخائر5.1 کروڑ ڈالر اضافے سے 6.60 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے تھے ملکی مجموعی ذخائر 16 ارب 70 کروڑ ڈالر پرآگئے تھے. گزشتہ ہفتے امریکی جریدے بلوم برگ نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ عالمی وبا کورونا وائرس میں کمی آنے کے بعد پاکستانی معیشت میں تیزی آئی ہے‘پاکستانی معیشت میں تیزی سے متعلق رپورٹ کے مطابق کورونا میں کمی کے بعد ایندھن سے لے کر سیمنٹ تک تمام شعبوں میں نمایاں ترقی ہوئی ہے.

بلوم برگ رپورٹ کے مطابق لاک ڈاﺅن کے بعد گاڑیوں کی فروخت بھی معمول پر لوٹ آئی ہے اور تعمیراتی شعبہ مسلسل دوسرے ماہ نمو پذیر ہے یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ بلیو اکانومی پالیسی سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا.