اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے،

احتساب کے سوا اپوزیشن کے ساتھ مہنگائی، سیاسی مسائل اور دیگر قومی مفاد کے معاملات پر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں، عدالت نے نواز شریف کوبڑے پیمانے پر بدعنوانیوں میں ملوث ہونے پر سزا سنائی ہوئی ہے، حکومت سابق وزیر اعظم کو واپس لانے کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کرے گی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 30 ستمبر 2020 23:49

اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2020ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے، حکومت کا موقف واضح ہے کہ احتساب کے سوا اپوزیشن کے ساتھ مہنگائی، سیاسی مسائل اور دیگر قومی مفاد کے معاملات پر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں، عدالت نے نواز شریف کو اپنے دور حکومت کے دوران بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں میں ملوث ہونے پر سزا سنائی ہوئی ہے، اس وقت وہ مفرور ہیں، حکومت انہیں ملک میں واپس لانے کیلئے تمام تر قانونی تقاضے پورے کرے گی۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا اپوزیشن جماعتوں سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں ہے، حکومت عوام کے مسائل حل کرنے اور قومی مفادات کے حوالے سے معاملات پر اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے تاہم بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت مخالف تحریک شروع کرنا چاہتی ہیں تو شوق سے کریں تاہم حکومت قوم کو بتائے گی کہ یہ لوگ صرف ذاتی مفادات کو تحفظ دینے اور اپنے قائدین کو احتساب سے بچانے کیلئے ڈرامہ رچانے والے ہیں اس لئے عوام ان کے ساتھ نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے عدالت کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے نواز شریف کے حوالے سے عدالت کی جانب سے جاری کئے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھیجے تھے جو انہوں نے وصول نہیں کئے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف نے ملکی معیشت کے ساتھ جو کیا قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی، خود کو جمہوریت کا چیمپئن ثابت کرنے والے نواز شریف نے قوم اور قانون کو دھوکہ دے کر راہ فرار اختیار کی ہوئی ہے، اس وقت وہ مفرور ہیں، ان کے خلاف عدالتوں میں بدعنوانیوں کے مقدمات چل رہے ہیں، حکومت انہیں واپس لانے کیلئے تمام تر قانونی تقاضے پورے کرے گی۔