Live Updates

آئی جی سندھ کو اغوا کیا گیا تو انہوں نے ایف آئی آر درج کیوں نہیں کرائی،شہزاد اکبر

بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز مل کر کھیل کھیل رہے ہیں،کلبھوشن کے بارے میں بات کرنے والے عقل کے اندھے عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ پڑھیں، مشیر داخلہ

جمعرات 22 اکتوبر 2020 15:51

آئی جی سندھ کو اغوا کیا گیا تو انہوں نے ایف آئی آر درج کیوں نہیں کرائی،شہزاد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2020ء) مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ کو اغوا کیا گیا تو انہوں نے ایف آئی آر درج کیوں نہیں کرائی،بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز مل کر کھیل کھیل رہے ہیں،کلبھوشن کے بارے میں بات کرنے والے عقل کے اندھے عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ پڑھیں۔ جمعرات کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ ملک و قوم کی بدنامی کیلئے سیاسی سرکس لگایا گیا ہے، بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز مل کر کھیل کھیل رہے ہیں، کراچی میں چند روز پہلے مزار قائد پر ہلڑبازی اور نعرے بازی ہوئی، اس حوالے سے تحریک انصاف نے ببانگ دہل درخواست دی، تحریک انصاف کا کردار اس حد تک تھا کہ ہم نے درخواست دی کہ کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

ایک لمحے کیلئے بھی ہم نے کسی سے بات نہیں کی۔مشیر داخلہ نے کہا کہ صبح معلوم ہوا کہ پولیس نے ایف آئی آر بھی درج کرلی اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر بھی گرفتار ہوگئے، جو چیز کیمرے کی آنکھ میں سب کے سامنے آئی کہ وہ سندھ پولیس کی گاڑیوں میں قابل ضمانت جرم میں لے جائے گئے۔ اگر یہ کام ہمیں کرنا ہوتا تو ہم قابل ضمانت دفعات کے تحت درخواست نہ دیتے، اس کے بعد محمد زبیر نے دروغ گوئی کی، سندھ پولیس کا ٹوئٹر بیان آیا کہ کارروائی قانون کے مطابق کی کی گئی، بعد میں سندھ پولیس نے اپنا بیان ہٹادیا، سب جانتے ہیں سندھ پولیس کو احکامات کہاں سے ملتے ہیں۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آئی جی سندھ کو وفاقی ادارے کے اہلکار اٹھا کر لے جاتے ہیں تاہم مراد علی شاہ نے اپنی پریس کانفرنس میں کسی پر کوئی الزام نہیں لگایا ،آئی جی سندھ کو اغوا کیا گیا تو انہوں نے ایف آئی آر درج کیوں نہیں کرائی، یہ کس قسم کا آئی جی ہے جس نے ایف آئی آر درج نہیں کرائی، آئی جی ان کا نام لیں جنہوں نے اغوا کیا، سندھ حکومت کے انکوائری کے اعلان بعد مزید کسی اعلان کی ضرورت نہیں، آئی جی اغوا ہوئے تو اس کا پرچہ بھی سندھ حکومت کو بھی کاٹنا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ بتائیں کہ انہیں کس وفاقی وزیر نے فون کیا۔احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی پر تنقید کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ آج پھر (ن) لیگی ٹھگ نے کلبھوشن کا نام لیا ہے ، جھوٹوں کے پروفیسر نے کہا کہ حکومت بھارتی ایجنٹ کو فائدہ دینی چاہتی ہے، ہم عالمی عدالت کے فیصلے کے مطابق اقدامات کر رہے ہیں، کلبھوشن کے بارے میں بات کرنے والے عقل کے اندھے عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ پڑھیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات