آل پارٹیز الائنس کا وزیراعظم آزادکشمیرسے 16نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد کا مطالبہ

منگل 27 اکتوبر 2020 14:31

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) آل پارٹیز الائنس نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے دورہ لیپہ کرناہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے 16نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد ،ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام سمیت ایک ارب روپے کا خصوصی ترقیاتی پیکج دینے کا مطالبہ کردیا جن میں ٹنل کی تعمیر کے تحریری وعدوں ،اضافی حلقہ انتخاب دینے کے اعلانات کے باوجود ظالمانہ حد بندی پر نظر ثانی ،نامکمل تعلیمی اداروں کی تکمیل ،بوائز و گرلز کالجز میں تعلیمی سہولتوں کی عصر حاضر کے مطابق فراہمی ،آفت زدہ قرار دینے کے نام نہاد نوٹیفکیشن میں ترمیم ،گھریلوں صنعتوں میں فروغ ،نوجوانوں کو بلا سود قرضوں کی آسان شرائط پر فراہمی ،آزادکشمیر کے تعلیمی اداروں میں طلباء طالبات کے لیے وظائف ،لکڑی کی کٹائی اور سمگلنگ کی موثر روک تھام ،لیپہ بازار سے بیلی تک سڑک ،پاور ہائوس کی تعمیر ،نہروں کی پختگی اور چھت سے صحت عامہ کی سہولتوں اور ادویات ،خوراک کا سردیوں میں سٹا ک ،بجلی کے بوگس بلات ،غیر حاضر سرکاری ملازمین کی حاضری ،محکمہ زراعت ،سیاحت کو فعال بنا کر جملہ تحصیل دفاتر کی دفتر ی مکانیت کے لیے فنڈز مختص کیے جائیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار آل پارٹیز الائنس کے بانی،سابق میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر فوکس کے صدر سید ابن الحسن گیلانی ،محمد حفیظ اعوان نے ایک مشترکہ بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ لیپہ بازار میں آتشزدگی سے تاجروں کے نقصانات ،نوکوٹ کے مقام پر آسمانی بجلی سے آنے والے سیلابی ریلے اور بھارتی فائرنگ کے متاثرین کو یکمشت نقد باوقار امداد اور ان کے اہل افراد کو سرکاری محکموں میں نوکریاں دی جائیں ۔

لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آنے والوں کو معاوضہ جات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔شوکت جاوید نے کہا کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر ہم سب کے مشترکہ مہمان ہیں اور ہمارے ان سے جائز مطالبات کرنا ہمارا بنیادی حق ہے ۔اس لیے وہ فراخدلی سے لیپہ کرناہ کے عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان سے لیپہ کے غیرت مند لوگوں کا یہ گلہ جائز ہے کہ ان کا تعلق ان کے آبائی ضلع سے ہے اس کے باوجود انہوں نے لیپہ کے اجتماعی مسائل پر توجہ نہیں دی اب چوں کہ ان کے اقتدار آخری چھ ماہ رہ چکے ہیں اگرچہ اب انتخابی مہم کا آغاز ہوچکا ہے اور ان کا یہ دورہ بھی انتخابی مہم کا حصہ ہے جو ان کا اخلاقی ،سیاسی،جمہوری ،آئینی حق بھی ہے اورہم مہذب معاشرے کے مہذب افراد کی طرح اپنے عوام کی ترجمانی اپنا فرض سمجھتے ہیں ،بدگمانی اور بد زبانی کے قائل نہیں اور نہ ہی ہماری تربیت اس طرح کی ہے لیکن تمام تر سیاسی نظریاتی اختلافات کے باوجود راجہ محمد فاروق حیدر خان اور ان کے ساتھ آنے والے تمام معزز مہمانوں کو عوام علاقہ کی طرف سے خوش آمدید کہتے ہیں اور ہمارے جائز مطالبات پر اپنی حکومت سے بے شمار توقعات ہیں اور یہ سارے مسائل وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کے علم ہیں ،ہمیں بتانے کی ضرورت نہیں تاہم یاد کروانا اور گھنٹی بجانا درسگاہوں میں بھی لازم ہوتا ہے ۔