مقبوضہ کشمیر کی عوام پر بھارت کی طرف سے ظلم کی انتہا کی گئی،عبدالحفیظ لغاری

منگل 27 اکتوبر 2020 23:36

ٹنڈوالہ یار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء) مقبوضہ کشمیر کی عوام پر بھارت کی طرف سے ظلم کی انتہا کی گئی ہے اور کشمیری عوام اپنے حقوق کے لئے اپنے بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں کی قربانیاں دے چکا ہے اور ان کی یہ قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور ایک دن ان کی جدوجہد کامیاب ہوگی ا ور کشمیری بھائی اپنا حق حاصل کر لینگے۔

ان خیالات کا اظہارایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ٹنڈوالہیار عبدالحفیظ لغاری نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف یوم سیاہ منانے کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ ٹنڈوالہ یار کی جانب سے سید مرتضیٰ شاہ ڈاڈاہی ہال سے ٹنڈوالہ یار پریس کلب تک نکالی گئی ایک پروقارریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح ضلع ٹنڈوالہیار میں بھی اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی قراردار کیخلاف کشمیر پرغیر قانونی انڈین آرمی اور بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر جاری ظلم و بربریت کیخلاف یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اورہم سب ان پر کئے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے جبری تسلط کیخلا ف پاکستانی قوم نے ہمیشہ سے اپنی آواز بلند کی ہے اور کشمیری عوام نے اپنے حق کے حصول کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں اور انہیں یہ حق ملنا چاہئے کہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔

عبدالحفیظ لغاری نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی مذمت کرتے ہیں کیونکہ تمام پاکستانیوں کا دل اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھٹرکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر اپنے مظالم بند کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرکے کشمیر سے اپنا ناجائز قبضہ ختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں نے اپنی جدوجہد سے ایک تایخ رقم کی ہے اور انشائ اللہ بہت جلد مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی جدوجہد کا ثمر حاصل کرلینگے۔

ریلی کے اختتام پرکشمیر میں بھارتی ظلم و ستم سے شہید ہونے والے کشمیریوں کے ایثال و ثواب کے لئے دعا بھی کی گئی۔ ریلی میں تمام شرکائ کی جانب سے فرانس میں نبی اکرم حضرت محمد مصطفی? کی شان میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی جو مجرمانہ حرکت کی گئی ہے اس کی بھی شدید الفاظ میں مذمت اور غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو عمیر جروار، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات ٹنڈوالہ یار خالد حسین کمبوہ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر علی مراد پتافی اور دیگر تمام محکموں کے ضلعی افسران،صحافی برادری، اساتذہ، ڈاکٹروں، طالبعلموں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔#