ملک بھر کی طرح ضلع چکوال میں بھی کشمیر میں بھارت کے بد ترین ظلم وبربریت کے خلاف یومِ سیاہ ضلعی و تحصیل سطح پر منایا گیا

منگل 27 اکتوبر 2020 23:47

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) ملک بھر کی طرح ضلع چکوال میں بھی مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کشمیر میں بھارت کے بد ترین ظلم وبربریت کے خلاف یومِ سیاہ ضلعی و تحصیل سطح پر منایا گیا۔ اس موقع پر ضلع کے گوشہ گوشہ میں کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کے لئے سیمینارز اور واکس کا انعقاد کیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یومِ سیاہ کا مرکزی سیمینار چکوال شہر کے معروف 15 چوک میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم کے زیرِ صدارت منعقد کیا گیا جس میں ضلعی انتظامیہ و دیگر سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاران، میڈیا کے نمائندگان سمیت سول سوسائٹی کے تمام شعبوں کے نمائندہ افراد ، معززین علاقہ، کثیر تعداد میں سکولوں اور کالجز کے طلبائ ، تعلیمی اداروں کے سربراہان اور اساتذہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

" کشمیر سے رشتہ کیا۔۔۔۔ لا الہ الااللہ" کے بینر تلے منعقدہ یکجہتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم نے کہا کہ سفاک بھارتی فوج ہمارے نہتے کشمیری بھائیوں پر ظلم وبربریت کے پہاڑ توڑ رہی ہے لیکن اس کے باوجود وہ کشمیری عوام میی آزادی کی تڑپ ختم نہیں کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کے دل اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے دلوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور حکومت پاکستان نے کشمیریوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت کے اصولی موقف کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر نہایت ہی مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے جس سے سفاک بھارت کا مکروہ چہرہ اقوام عالم میں پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے بھارت کو مجبور کرکے گزشتہ ستر سالوں سے ظلم سہتے کشمیریوں کو حق آزادی دلوائے۔ سیمینار سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں پر بھارت کے بد ترین جبر و استبداد کی شدید مذمت کی اور کہا کشمیر کی آزادی تک پوری قوم حکومت پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔