حضور اکرم ﷺنے عصبیت، فرقہ واریت اور جہالت کے اندھیروں سے امت کو نکال کر دین کا راستہ دکھایا،محمد فاروق حیدر

آمد مصطفیؐ سے دنیا میں امن کا بول بالا ہوا، انسانیت کو احترام ملا ،قتل ناحق کا خاتمہ ہوا،کشمیری عوام نے حضور اکرمؐ کے بتائے سنہری اصولوں پر عمل کر کے ثابت کیا وہ تحریک آزادی کیلئے بے پناہ قربانیاں دینا جانتے ہیں ، وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعرات 29 اکتوبر 2020 16:58

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان نے جشن عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حضور اکرم ﷺنے عصبیت، فرقہ واریت اور جہالت کے اندھیروں سے امت کو نکال کر دین کا راستہ دکھایا، آمد مصطفیﷺ سے دنیا میں امن کا بول بالا ہوا، انسانیت کو احترام ملا اور قتل ناحق کا خاتمہ ہوا۔

ایک دوسرے کے خون کے پیاسے رشتہ اخوت سے آشنا ہو ئے، ایک قوم ایک ملت کا تصور اجاگر ہو ا۔ میلاد النبی ﷺسے رنگ و نسل کے تفاخر اور حسب نسب کے غرور سب ختم ہو گئے۔ 12 ربیع الاول کے مقدس دن کے موقع پر مقبوضہ کشمیر،فلسطین اور دنیا کے دیگر خطوں میں ہمارے مسلمان بھائی اور بہنیں اسلام کی سربلندی،اپنی بقاء اور آزادی کے لیے اپنے خون کا نذرانہ دے کر اسلام کی شمع کو روشن کئے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی بہت پرانی اور لمبی ہے جو دو صدیوں پر محیط ہے۔یہ خود کشمیریوں نے شروع کی ہے۔کشمیری عوام نے اپنے اسلاف کے کارناموں کو نہ صرف زندہ رکھا بلکہ جدوجہد سے ساری دنیا پر یہ ثابت کر دیا کہ کشمیری عوام مر مٹ سکتے ہیں لیکن اپنے پیدائشی حق،حق خودارادیت سے کبھی دستبردار نہیں ہو سکتے۔کشمیری عوام نے حضور اکرم ﷺ کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں پر عمل کرتے ہوئے یہ ثابت کیا کہ تحریک آزادی کے لیے بے پناہ قربانیاں دینا جانتے ہیں اور آزادی کی تحریک کی کامیابی تک قربانی دینے کا عزم رکھتے ہیں۔وہ بھارت سے آزادی چاہتے ہیں اور کسی بھی قیمت پر وہ اپنے بنیادی حق،حق خودارادیت کے حصول تک باطل کے آگے نہیں جھکیں گے۔مسلمان کٹ تو سکتا ہے لیکن جھک نہیں سکتا۔