امریکہ میں ایک روز میں سب سے زیادہ 2لاکھ کے قریب نئے کورونا کیسز رپورٹ،ٹرمپ کے بیٹے کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت

ہفتہ 21 نومبر 2020 21:33

نیویارک۔21نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21نومبر2020ء) :امریکہ میں ایک روز میں سب سے زیادہ 2 لاکھ کے قریب نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، امریکہ میں مجموعی طور پر کیسز کی تعداد 1 کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 1 لاکھ 98500 نئے کورونا مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 1 کروڑ 22 لاکھ 82794 ہو گئی ہے، ٹیکساس اور کیلیفورنیا سب سے زیادہ متاثرہ امریکی ریاستیں ہیں، ٹیکساس میں کیسز کی تعداد 11 لاکھ جبکہ کیلیفورنیا میں 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

امریکی حکام نے وبا کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے آج اتوار کی رات سے کیلیفورنیا میں کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں ایک روز میں دو ہزار کے قریب اموات رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد امریکہ میں مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 2  لاکھ 60394 تک پہنچ گئی ہے۔ ٹرمپ کے بیٹے کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہوں نے آئیسو لیشن اختیار کر لی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ ٹرمپ کے چھوٹے بیٹے میں بھی وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور انہیں تین راتیں ہسپتال میں گزارنی پڑیں تھیں۔