وزیراعظم کی کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے تمام اقدامات اٹھانے کی ہدایت

کورونا کے وسرے مرحلے میں احتیاط کا دامن ہرگز نہیں چھوڑنا چاہیے، پاکستان نے پہلے مرحلے میں کورونا پر جس طرح قابو پایا، پوری دنیا اس کی معترف ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 23 نومبر 2020 20:17

وزیراعظم کی کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے تمام اقدامات اٹھانے کی ہدایت
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 نومبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے تمام اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے وسرے مرحلے میں احتیاط کا دامن ہرگز نہیں چھوڑنا چاہیے، پاکستان نے پہلے مرحلے میں کورونا پر جس طرح قابوپایا، پوری دنیا اس کی معترف ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کورونا کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء اعجاز شاہ، اسد عمر،خسروبختیار، حماد اظہر، شبلی فراز، علی محمد خان ، عبدالرزاق داؤد، ثانیہ نشتر ، ڈاکٹر فیصل سلطان شریک ہوئے۔

اجلاس میں این سی اوسی کی جانب سے کیے گئے فیصلوں پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم کو کورونا کے پھیلاؤ، قیمتی جانوں کے ضیاع اور ہسپتالوں کی استعداد کار بڑھانے پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے اور شہریوں کی زندگیاں بچانے کیلئے تمام اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے پہلے مرحلے میں قابل تقلید حکمت عملی سے کورونا پر قابو پایا۔

پاکستان نے کورونا پر جس طرح قابوپایا، پوری دنیا اس کی معترف ہے۔دوسرے مرحلے میں بھی سنجیدگی ، توازن اور احتیاط کا دامن ہرگز نہیں چھوڑنا چاہیے۔وزیراعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ مزید برآں وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا کہ سکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ بڑی مشکل سے کیا ہے، میرا دل بڑ ادکھی ہے، میں نہیں چاہتا تھا کہ تعلیمی اداروں کو بند کیا جائے، لیکن کورونا بڑاتیزی سے پھیل رہا ہے، ہماری اولین ترجیح بچوں اور اساتذہ کی صحت مقدم ہے، تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا اطلاق جامعات ، کالجز ، سکولوں اور مدارس سمیت سب پر ہوگا, جن اداروں میں آن لائن کی سہولت ہے وہاں آن لائن تعلیم دی جائے گی، جبکہ باقی اداروں میں ہوم ورک دیا جائے۔

ابھی کورونا کا گراف اوپر جارہا ہے، جیسے ہی کورونا کا گراف نیچے جانے لگے گا ہم جنوری میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھول دیں گے۔ 25 دسمبر کو سردیوں کی چھٹیاں شروع ہوجائیں گی۔وزیرتعلیم سند ھ نے پرائمری سکول بند کرنے کی تجویز دی تھی۔ اجلاس میں تجاویز مختلف آئیں لیکن فیصلہ متفقہ کیا ہے۔ہم سب صوبوں نے کورونا وباء کے دوران بڑے فیصلے کیے ہیں، سکول بند کیے، پھر سکول کھولے، 40 لاکھ بچوں کو پروموٹ کیا، اسی طرح مارچ والے امتحانات کو آگے لے جائیں گے، تعلیمی سال کو اگست تک لے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ جلسے منسوخ کریں، پہلے خود کہتے تھے کہ لاک ڈاؤن کیا جائے ، لیکن وزیر اعظم نے بڑے فیصلے کیے، اب اپوزیشن بالکل الٹ چل رہی ہے۔