روس نے فوجی جوانوں کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین دینے کی مہم شروع کردی

روسی صدر کی ہدایت پر تقریباً پانچ لاکھ فوجیوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین دی جائیگی، وزیر دفاع سرگئی شوئیگو

ہفتہ 28 نومبر 2020 15:07

روس نے فوجی جوانوں کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین دینے کی مہم شروع ..
ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) روس نے اپنے جوانوں کو عالمی وبا قرار دیئے جانیوالے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین دینے کی مہم شروع کردی ہے،روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے اعلان کیا ہے کہ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کی ہدایت پر تقریباً پانچ لاکھ فوجیوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین دی جائیگی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ اب تک 2500 سے زائد فوجیوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے اس امید کا اظہارکیا ہے کہ 2020 کے اختتام تک تقریباً 80 ہزار فوجیوں کو ویکسین کی خوراک دی جا چکی ہو گی۔روسی میڈیا کے مطابق روس کی تیار کردہ ویکسین اسپٹنک فائیو 95 فیصد زیادہ مؤثر ہے، دیگر عالمی ویکسین بنانے والی کمپنیوں نے اپنے ٹیسٹوں کے جو نتائج بتائے ہیں ان کے مطابق ویکسین 90 فیصد اور کچھ زیادہ مؤثر ثابت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

روسی میڈیا کے مطابق سپٹنک فائیو تیار کرنیوالوں کا دعویٰ ہے کہ ان کی ویکسین کو دیگرتیار ہونیوالی ویکسینوں کے مقابلے میں محفوظ رکھنا زیادہ آسان ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق اس وقت تک کی معلومات کے تحت روس کی تیار کردہ ویکسین کی قیمت تقریباً 10ڈالرز کے مساوی ہو گی۔روس کی جانب سے تیار کی جانیوالی کورونا ویکسین اسپٹنک فائیو کو اگست 2020 میں رجسٹرڈ کیا گیا تھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اس وقت روس کی جانب سے تیار کی جانے والی ویکسین کے ٹرائل کا تیسرا مرحلہ جاری ہے جس میں 40 ہزار رضا کار حصہ لے رہے ہیں۔