این آر او کا حق آمر کے پاس ہوتا ہے وزیراعظم کے پاس نہیں، شاہد خاقان عباسی

مجھے این آر او نہیں چایئے،ہم پر کرپشن کا الزام نہیں اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے، سابق وزیر اعظم

پیر 30 نومبر 2020 21:21

این آر او کا حق آمر کے پاس ہوتا ہے وزیراعظم کے پاس نہیں،  شاہد خاقان ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2020ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ این آر او دینے کا حق آمر کے پاس ہوتا ہے وزیراعظم کے پاس نہیں۔ حکومت کو ڈھائی سال ہوگئے تاہم ملک میں اب بھی بجلی کا بحران ہے، حکومت بتائے کہ آج گیس کی قیمت بڑھنے کے باوجود گیس دستیاب نہیں ہے، گیس کی قیمت کیوں بڑھی حکومتی وزرائ بتانے سے قاصر ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے غلط بیانی ہو رہی ہے، ہم پر کرپشن کا الزام نہیں اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے، (ن) لیگ کی حکومت کو بڑا چیلنج توانائی بحران کی صورت میں ملا تھا، ہمارے دور میں گیس کی قیمت میں ایک روپیہ بھی اضافہ نہیں ہوا، ہم نے سستی بجلی اور گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا، ہم نے سستے ترین پلانٹس پاکستان میں لگائے اور سسٹم میں اضافی گیس کو شامل کیا، سستی اور اضافی بجلی سے ملکی جی ڈی پی میں 3 فیصد اضافہ ہوا، پاکستان کے توانائی بحران کا حل صرف اضافی گیس سے ہی حل ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھے این آر او نہیں چاہیے، این آر او دینے کا حق آمر کے پاس ہوتا ہے وزیراعظم کے پاس نہیں، حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے، لیکن ہم یہ بتادیں حکومت عوام کے زور پر ہوتی ہے اور عوام ہمارے ساتھ ہے۔