جہانگیرترین کے خلاف میرٹ پر فیصلے کریں گے، وزیراعظم عمران خان

چینی اسکینڈل کی انکوائری میرٹ پر ہورہی ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار شوگر مافیا کے خلاف کاروائی کی گئی، زرداری ، نوازشریف اور ان کے وزراء نے شوگرملز بنائیں۔ خصوصی انٹرویو کے دوران گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 1 جنوری 2021 20:06

جہانگیرترین کے خلاف میرٹ پر فیصلے کریں گے، وزیراعظم عمران خان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جنوری2021ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جہانگیرترین کے خلاف میرٹ پر فیصلے کریں گے، چینی اسکینڈل کی انکوائری میرٹ پر ہورہی ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار شوگر مافیا کے خلاف کاروائی کی گئی، زرداری ، نوازشریف اوران کے وزراء نے شوگرملز بنائیں۔ انہوں نے نجی ٹی وی کو اپنے خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میرے بیان کو بالکل غلط لیا گیا کہ میری تیاری نہیں تھی۔

میں کہا تھا کہ حکومت میں آنے سے پہلے پریزنٹیشن مل جائے تو آپ آکر کام شروع کردیں گے۔ گلگت میں حکومت کو آئے 2 ماہ ہوگئے ہیں لیکن ابھی تک انہیں پریزنٹیشن دی جا رہی ہے۔ حالانکہ چھوٹا سا صوبہ ہے۔ اب امریکی صدر بائیڈن جو پہلے بھی نائب صدر رہ چکا ہے اس کو تجربہ بھی ہے لیکن پھر بھی اس کو پریزینٹیشن دی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

میں نے کبھی یہ بہانہ نہیں کیا کہ میری تیاری نہیں تھی۔

پاکستان کا انشاء اللہ بہت اچھا وقت آئےگا۔ میری زندگی کے مشکل دو سال گزرے۔ لوگ 5 سال بعد میری کارکردگی سے متعلق فیصلہ کریں گے۔میں نے کبھی نظریے پر یوٹرن نہیں لیا، یوٹرن تب برا ہوتا ہے جب نظریے پر سمجھوتہ ہو۔ مثال کے طور پر اسرائیل کو تسلیم کرنا پاکستان کے نظریے پر کمپرومائز ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ ڈیفیسیڈ میں تاریخی خسارہ تھا۔

2 سال میں 20 ارب ڈالر قرض واپس کیا ہے۔ 17 سال بعد کرنٹ اکاؤنٹ پانچ ماہ سے پوزیٹیو ہے۔ ہماری ترسیلات زر اور برآمدات بڑھی ہیں۔ اس کی وجہ سے ہمارا روپیہ گرنے سے بچ گیا ہے۔ ہم مارکیٹ میں روپے کو روکنے کیلئے ڈالر نہیں پھینک رہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کہا تھا پیپلزپارٹی اور ن لیگ سے مل کر حکومت بنانا پڑی تو اپوزیشن میں بیٹھوں گا۔ اگر میں ان جماعتوں کو اتحاد میں شامل کرلیتا احتساب کون کرتا؟ کرپشن پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔

ان کی ساری کوشش این آراو کیلئے ہے۔ بجلی میں 400 ارب روپے اس خسارے کا بھی پتا چلا جو ریکارڈ میں ہی نہ تھا۔ ہماری آدھی ٹیکس آمدن قرضوں کی قسطیں اتارنے میں چلی جاتی ہے۔ حکومت میں آکر ملک میں لوٹنے کا سلسلہ  احتساب کی صورت میں  ہی رک سکتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جہانگیرترین کے خلاف میرٹ پر فیصلے کریں گے، چینی اسکینڈل کی انکوائری میرٹ پر ہورہی ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار شوگر مافیا کے خلاف کاروائی کی گئی، شوگر مافیا میں سب سے پہلے شریف خاندان آیا،زرداری ، نوازشریف اور وزراء نے شوگرملز بنائیں، وزیراعظم کرپٹ ہو تو نیچے تک کرپشن ہوتی ہے، میرے کسی وزیرپر کرپشن الزام لگے تو کاروائی کروں گا۔ وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا جس کے حکمران کرپٹ ہوں۔