مقبوضہ وادی کشمیر شدید سردی کی لپیٹ میں، جھیل ڈل و دیگر آبی ذخائر منجمد

ہفتہ 16 جنوری 2021 14:51

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل ہفتہ بیشتر مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی آگئی اور مقبوضہ وادی کشمیر اس وقت شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ سرینگر کی شہرہ آفاق ڈل جھیل اور دیگر آبی ذخائر منجمد ہوچکے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آج صبح کے وقت سرینگر اور وادی کے دیگر علاقوں میں شدید دھند تھی۔

(جاری ہے)

مقبوضہ علاقے کے محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ رات کے وقت پارہ مزید گرنے کے بعد سردی کی لہر میں شدت پیدا ہوگئی اور کم سے کم درجہ حرارت انجماد سے کئی ڈگری نیچے گر گیا۔انہوں نے بتایا کہ سری نگر شہرمیں درجہ حرات منفی 8.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔شدید سردی کی وجہ سے سرینگر کی ڈل جھیل اور وادی کے دیگر آبی ذخائر کی سطحیں منجمد ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے قابض حکام کو ان پر چلنے کے خلاف ایک ایڈوائزری جاری کرناپڑی۔

درجہ حرارت میں سخت کمی کے نتیجے میں پانی کی فراہمی کے پائپ بھی منجمد ہوگئے ہیں۔اس وقت کشمیر میں چلہ کلان( سخت سردی کا دور) چل رہا ہے ۔ چلہ کلان 21دسمبر سے شروع ہوتا ہے اور 31جنوری تک جاری رہتا ہے ۔ اس دوران مقبوضہ وادی کشمیر شدید سردی کی لپیٹ میں رہتی ہے۔